كیو/ آواز دی وائس
یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلینسکی نے ملک کے یومِ آزادی پر مبارکباد دینے کے لیے وزیرِاعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا۔ یوکرین کے صدر نے منگل کو کہا کہ یوکرین کو روس کے ساتھ جنگ ختم کرانے میں ہندوستان کے کردار پر بھروسہ ہے۔
زیلینسکی نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ یوکرین امن اور بات چیت کے تئیں ہندوستان کے عزم کی قدر کرتا ہے۔ یوکرینی صدر نے کہا كہ اب جبکہ پوری دنیا اس بھیانک جنگ کو باعزت طریقے سے اور پائیدار امن کے ساتھ ختم کرنے کی کوشش کر رہی ہے، ہمیں ہندوستان کے کردار پر اعتماد ہے۔انہوں نے کہا كہ ہر وہ فیصلہ جو سفارت کاری کو مضبوط بناتا ہے، وہ نہ صرف یورپ میں بلکہ ہند-بحرالکاہل خطے اور اس سے آگے بھی بہتر سلامتی کی طرف لے جاتا ہے۔
وزیرِاعظم مودی نے زیلینسکی کو دی تھی یومِ آزادی کی مبارکباد
وزیرِاعظم مودی نے 16 اگست کو یوکرین کے عوام کے لیے امن اور ترقی سے بھرپور مستقبل کی نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا اور یومِ آزادی کی مبارکباد کے لیے زیلینسکی کا شکریہ ادا کیا تھا۔ اس سے پہلے زیلینسکی نے 15 اگست کو ہندوستان کو یومِ آزادی کی مبارکباد دی تھی اور کہا تھا کہ انہیں امید ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کو ختم کرانے کی کوششوں میں ہندوستان اپنا کردار ادا کرے گا۔
وزیرِاعظم مودی نے ایکس پر کہا تھا كہ صدر زیلینسکی، آپ کی پرخلوص مبارکباد کے لیے شکریہ۔ میں ہندوستان اور یوکرین کے درمیان مزید قریبی تعلقات بنانے کے مشترکہ عزم کو بہت اہمیت دیتا ہوں۔ ہم یوکرین میں اپنے دوستوں کے لیے امن، ترقی اور خوشحالی سے بھرے مستقبل کی دعا کرتے ہیں۔‘‘ اس کے بعد زیلینسکی نے منگل کو وزیرِاعظم مودی کا 24 اگست کو لکھا گیا ایک خط شیئر کیا، جس میں انہوں نے یوکرینی صدر کو ہندوستان کے یومِ آزادی پر بھیجے گئے پیغام اور نیک خواہشات کے لیے شکریہ ادا کیا۔
وزیرِاعظم مودی نے لکھا تھا كہ میں اس موقع پر آپ کو اور یوکرین کے عوام کو آپ کے یومِ آزادی پر اپنی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ میں گزشتہ سال اگست میں کیو کے اپنے دورے کو محبت سے یاد کرتا ہوں اور اس کے بعد سے ہندوستان-یوکرین دو طرفہ تعلقات میں ہوئی پیش رفت پر توجہ دیتا ہوں۔ میں باہمی فائدے والے تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے لیے آپ کے ساتھ کام کرنے کا خواہاں ہوں۔
وزیراعظم نے یہ بھی لکھا تھا کہ ہندوستان ہمیشہ امن کا حامی رہا ہے اور بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے اس تنازع کے فوری، پائیدار اور پرامن حل کے لیے مخلصانہ کوششوں کو ہر ممکن تعاون دینے کے لیے پرعزم ہے۔