زارامحمد بنیں مسلم کونسل کی پہلی خاتون سیکریٹری جنرل

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 03-02-2021
زارامحمد
زارامحمد

 

لندن:برطانوی مسلمانوں کی سماجی ومذہبی تنظیم مسلم کونسل نے پہلی بار کسی خاتون کو اپنا سیکریٹری جنرل منتخب کیا ہے۔انتیس سالہ سالہ زارا محمد ، مسلم کونسل آف بریٹین (ایم سی بی) کی سیکریٹری جنرل چنی گئی ہیں۔ یہ ادارہ تمام برطانوی مسلم تنظیموں کا متحدہ پلیٹ فارم ہے۔ زارا کو ایم سی بی سے منسلک تمام تنظیموں سے انتخابات کے بعد منتخب کیا گیا۔ ان سے قبل ہارون خان سیکرٹری جنرل تھے۔

غیرملکی ایجنسی کی خبروں کے مطابق زارا کو اپنے حریف سیاست دان امام اجمل مسرور کے خلاف 64 فیصد ووٹوں سے برتری حاصل ہوئی۔ گلاسگو سے تعلق رکھنے والی زارا محمد انسانی حقوق کے قوانین میں ماسٹرز کی ڈگری رکھتی ہیں اور اس سے قبل ایم سی بی کی اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل رہ چکی ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ’میرامقصد ایک جامع ، متنوع اور نمائندہ ادارہ کے طور پر پہچان قائم کرناہے۔ ایک ایسا ادارہ جو عام مفاد اور برطانوی مسلمانوں کی ضروریات کے لیے کام کرے۔ زارا نے مزید کہاکہ پہلی خاتون سیکرٹری جنرل کے طور پر منتخب ہونا ایک اعزاز کی بات ہے۔ میں امید کرتی ہوں کہ اس سے متاثر ہو کر مزید نوجوان اور خواتین قائدانہ کرداروں میں سامنے آئیںگے۔ انھوں نے کہاکہ خواتین کبھی کبھی قائدانہ کرداراداکرنے سے ہچکچاتی ہیں حالانکہ وہ اس کے لیے اہل ہوتی ہیں۔ یہ بہت ضروری ہے کہ ہم نوجوانوں کو، اور خواتین کو اپنے ادارے کے کام میں اور زیادہ شامل کریں اور ادارے میں تنوع لائیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ اس سب سے نمٹنے کے لیے ایم سی بی نے رہنمائی کا کردار ادا کیا ہے، مگر ابھی مزید کرنے کی ضرورت ہے۔ نئی سیکرٹری جنرل کا خیر مقدم کرتے ہوئے رخصت پذیر سیکریٹری جنرل ہارون نے کہا: اکثریتی ووٹ سے زارا کا منتخب ہونا اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ ہمارے اراکین کو ان پر بھروسہ ہے کہ وہ ادارے کی رہنمائی کر سکتی ہیں۔‘ جبکہ برطانیہ کے اہم مسلم سیاست دان اور لندن کے میئر صادق خان نے کہا: ’میں زارا محمد کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں - وہ اس تنظیم کو ملک بھر میں ہماری برادری کی بہتری اور مزید بلندیوں تک لے جانے کا کام جاری رکھیں۔ (ایجنسی ان پٹ)