حوثی باغیوں کا متحدہ عرب امارات پر ڈرون حملوں کا دعویٰ

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 17-01-2022
حوثی باغیوں کا متحدہ عرب امارات پر ڈرون حملوں کا دعویٰ
حوثی باغیوں کا متحدہ عرب امارات پر ڈرون حملوں کا دعویٰ

 


دبئی: متحدہ عرب امارات کی پولیس نے ابوظہبی میں آگ لگنے کے دو واقعات ممکنہ طور پر ڈرون حملوں کی وجہ سے ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔

پولیس کے مطابق ابوظہبی میں دو جگہ آگ ممکنہ طور پر مشتبہ ڈرون حملوں سے لگی ہے، ایک آگ مصفحہ صنعتی علاقے میں تین فیول ٹینکر پھٹنے سے لگی جب کہ آگ لگنے کا دوسرا واقعہ ابوظہبی کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی نئی تعمیراتی سائٹ پر ہوا۔

آگ لگنے کے دونوں واقعات میں کوئی نقصان نہیں ہوا، ابتدائی تحقیقات میں آگ لگنے والی جگہوں سے چھوٹے طیارے کے ٹکڑے ملے ہیں جو ڈرون کے ہو سکتے ہیں۔

متحدہ عرب امارات میں مشتبہ ڈرون کی مدد سے ابوظہبی میں ایئرپورٹ کے قریب حملہ کیا گیا، جس میں ایک پاکستانی اور دو ہندوستانی شہری کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے، وہیں اس حملے کی ذمہ داری ایرانی حمایت یافتہ یمنی حوثی باغیوں نے لی ہے۔

 ایرانی حمایت یافتہ یمنی حوثی باغیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے متحدہ عرب امارات پر حملہ کیا ہے۔

انہوں نے یہ دعویٰ اس وقت کیا جب یو اے ای کے حکام نے دارالحکومت ابوظہبی میں مشتبہ ڈرون کی وجہ سے دو مقام پر آگ لگنے کی اطلاع دی تھی۔

ذرائع کے مطابق اس حملے میں ایک پاکستانی اور دو بھارتی شہریوں کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے جبکہ چھ دیگر افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ابوظہبی پولیس نے بتایا کہ تیل کی اسٹوریج کی سہولیات کے قریب صنعتی علاقے میں ایندھن کے تین ٹینکر ٹرک پھٹ گئے اور دوسرا ابوظہبی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک تعمیراتی مقام پر آگ بھڑک اٹھی۔

پولیس نے سرکاری خبر رساں ایجنسی وام پر ایک بیان میں کہا، "ابتدائی تحقیقات میں ایک چھوٹے طیارے کے پرزے ملے ہیں جو ممکنہ طور پر دونوں جگہوں پر ایک ڈرون ہو سکتا ہے جو کہ دھماکے اور آگ کی وجہ بن سکتا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ان واقعات میں کوئی اہم نقصان نہیں ہوا تاہم مکمل تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ یمن کی حوثی تحریک کے فوجی ترجمان، جو سعودی عرب کی قیادت میں اور متحدہ عرب امارات سمیت فوجی اتحاد سے لڑ رہی ہے، نے کہا کہ اس گروپ نے متحدہ عرب امارات کے اندر گہری فوجی کارروائی شروع کی ہے اور آنے والے گھنٹوں میں تفصیلات کا اعلان کریں گے۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کی حمایت یافتہ اتحادی افواج نے حال ہی میں یمن کے توانائی پیدا کرنے والے علاقوں شبوا اور مارب میں حوثیوں کے خلاف لڑائی میں شمولیت اختیار کی ہے۔ متحدہ عرب امارات نے 2019 میں یمن میں اپنی فوجی موجودگی کو بڑے پیمانے پر کم کر دیا تھا لیکن وہ مسلح اور تربیت یافتہ یمنی افواج پر اپنا تسلط برقرار رکھے ہوئے ہے۔

حوثیوں نے متعدد دفعہ سعودی عرب پر سرحد پار سے میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں اور ماضی میں متحدہ عرب امارات پر حملے کی دھمکیاں دی ہیں۔