کینیڈا لٹریچر فیسٹیول میں گونجی اجمیر شریف کی 800 سالہ صوفی روایت

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 20-05-2026
کینیڈا لٹریچر فیسٹیول میں گونجی اجمیر شریف کی 800 سالہ صوفی روایت
کینیڈا لٹریچر فیسٹیول میں گونجی اجمیر شریف کی 800 سالہ صوفی روایت

 



ٹورنٹو:کینیڈا لٹریچر فیسٹیول 2026 میں ہندستان کی 800 سالہ چشتی صوفی روایت محبت انسانیت اور بین المذاہب ہم آہنگی کے عالمی پیغام کے ساتھ نمایاں رہی۔ مقررین نے اس موقع پر کہا کہ موجودہ دور میں روحانی اقدار اور مکالمہ ہی عالمی امن اور پائیدار تعلقات کی اصل بنیاد بن سکتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ادب ثقافت اور صوفی روایات مختلف مذاہب اور قوموں کے درمیان فاصلے کم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔

اجمیر شریف ہندستان میں حضرت خواجہ معین الدین چشتیؒ کی مقدس درگاہ کے 26 ویں نسل کے گدی نشین اور چشتی فاؤنڈیشن کے چیئرمین حاجی سید سلمان چشتی نے 13 مئی سے 18 مئی تک مسسگا اور ٹورنٹو اونٹاریو میں منعقدہ کینیڈا لٹریچر فیسٹیول 2026 میں شرکت کی۔

ان کی شرکت میں بین المذاہب پینل مباحثے یعقوب میتھیو کی معروف کتاب “Seeking the Infinite” کی کینیڈین رونمائی اور صوفی شاعری و روحانی گفتگو کی خصوصی نشست شامل تھی۔ اس پروگرام نے ہندستان کی صوفی روایت اور کینیڈا کی کثیر ثقافتی شناخت کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر پیش کیا۔

تقریبات میں کینیڈا میں ہندستان کے ہائی کمشنر عزت مآب شری دنیش کے پٹنائک اور ٹورنٹو میں ہندستان کے قونصل جنرل شری مہاویر سنگھوی نے بھی شرکت کی۔ مقررین نے ثقافتی سفارت کاری کو ہندستان اور کینیڈا کے تعلقات کو مضبوط بنانے کا اہم ذریعہ قرار دیا۔

فیسٹیول کے دوران “Seeking the Infinite: Maha Kumbh 2025” کی کینیڈین رونمائی بھی کی گئی۔ یعقوب میتھیو کی اس بین المذاہب کافی ٹیبل کتاب میں دنیا بھر کے 50 سے زائد مفکرین کی آراء شامل ہیں۔ اس موقع پر ہونے والے پینل مباحثے میں روحانی اتحاد بین المذاہب مکالمے اور انسانی زندگی کے مقصد کی تلاش پر گفتگو کی گئی۔

مسسگا کے اپولو کنونشن سینٹر میں منعقدہ “A Confluence of Faiths: Seeking the Infinite” پروگرام میں حاجی سید سلمان چشتی نے بطور خصوصی مقرر شرکت کی۔ ان کے ساتھ یعقوب میتھیو لاما آریا درولما راکیش کول اور ہیری مان بھی شریک تھے جبکہ کیمبرج یونیورسٹی کے معروف پروفیسر پربھو گپتارا نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔

کینیڈا لٹریچر فیسٹیول 2026 کے دوران مسسگا کے نوئل ریان تھیٹر میں حاجی سید سلمان چشتی نے صوفی شاعری اور روحانی بصیرت پر مشتمل خصوصی نشست پیش کی۔ اس موقع پر حاضرین کو چشتی صوفی سلسلے کی زندہ روحانی روایت سے براہ راست روشناس کرایا گیا۔

حاجی سید سلمان چشتی نے کہا کہ چشتی صوفی روایت گزشتہ 800 برسوں سے انسانیت کی بے لوث خدمت اور محبت کا درس دیتی آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجمیر شریف سے لے کر جھیل اونٹاریو تک یہی پیغام دیا جا رہا ہے کہ سب سے محبت کی جائے اور کسی سے نفرت نہ رکھی جائے۔

مصنف یعقوب میتھیو نے کہا کہ “لامتناہی” دراصل انسان کے اندر موجود اس روحانی وسعت کا نام ہے جس کی کوئی حد نہیں اور ٹورنٹو کا یہ اجتماع اس بات کا ثبوت ہے کہ روحانی تلاش تمام سرحدوں سے بالاتر ہوتی ہے۔

ہائی کمشنر شری دنیش کے پٹنائک نے کہا کہ بین المذاہب امن اور ہم آہنگی مضبوط دوطرفہ تعلقات کی بنیاد ہیں جبکہ ہندستان کی صوفی اور روحانی روایات تکثیریت اور باہمی احترام جیسی مشترکہ اقدار کی نمائندگی کرتی ہیں۔

قونصل جنرل شری مہاویر سنگھوی نے کہا کہ عوامی سفارت کاری میں بین المذاہب مکالمہ اور روحانی ہم آہنگی سب سے مضبوط ستون ہیں اور CLF 2026 میں مختلف مذاہب کی آوازوں کا ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونا اسی جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔

کینیڈا لٹریچر فیسٹیول 2026 کے منتظم اجے مودی نے کہا کہ اس فیسٹیول کا مقصد نسل زبان مذہب اور ثقافت کی سرحدوں سے آگے بڑھ کر علم اور مکالمے کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ CLF 2026 نے ثابت کیا ہے کہ ادبی میلے عالمی ہم آہنگی اور بین المذاہب امن کے مؤثر ذرائع بن سکتے ہیں۔