عرب کے صحراؤں میں 12 ہزار سال پرانے چٹانی نقوش کی دریافت

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 01-10-2025
عرب کے صحراؤں میں 12 ہزار سال پرانے چٹانی نقوش کی دریافت
عرب کے صحراؤں میں 12 ہزار سال پرانے چٹانی نقوش کی دریافت

 



ریاض: بین الاقوامی محققین کی ایک ٹیم نے شمالی جزیرہ نما عرب میں دیوہیکل چٹانی نقوش دریافت کیے ہیں، جن کی عمر تقریباً 12 ہزار سال پرانی بتائی جاتی ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ انسانی تاریخ میں بصری ابلاغ کی قدیم ترین شکلوں میں شمار ہوتے ہیں، جنہیں انسان نے صحرائی زندگی میں بقا سے متعلق معلومات پہنچانے کے لیے استعمال کیا تھا۔

یہ نقوش جبل ارنان، جبل ملیحہ اور جبل مصمّی کے مقامات پر ملے ہیں۔ ان میں اونٹ، جنگلی بکرے، جنگلی گدھے، ہرن اور قدیم بیل (اورک) کی شبیہیں شامل ہیں۔ بعض تصویریں تین میٹر لمبی اور دو میٹر اونچی ہیں۔ یہ تصاویر سادہ پتھریلے اوزاروں کی مدد سے بڑی نفاست کے ساتھ تراشی گئی تھیں، جو اس دور کے لوگوں کی فنکارانہ مہارت اور اجتماعی محنت کو ظاہر کرتی ہیں۔

بقا اور رہنمائی کی علامت ماہرین کے مطابق یہ نقوش محض جمالیاتی اظہار نہیں تھے بلکہ ان کا مقصد خانہ بدوش قبائل کو پانی کے ذرائع کی نشاندہی کرنا تھا۔ صحرائی خطے میں یہ نشانات پانی کی کمی کے وقت انسانوں اور جانوروں کو زندگی کے وسائل تک پہنچنے میں رہنمائی فراہم کرتے تھے۔ ارضیاتی شواہد بتاتے ہیں کہ اُس زمانے میں عرب کا یہ خطہ آج کی طرح خشک نہیں تھا بلکہ یہاں موسمی جھیلیں موجود تھیں۔

آخری برفانی دور کے بعد یہ جھیلیں انسانی بستیوں کے قیام اور دوبارہ آبادکاری میں اہم کردار ادا کرتی رہیں۔ ان نقوش کی تاریخ معلوم کرنے کے لیے "تاریخ بالضوء" (Luminescence Dating) کی جدید تکنیک استعمال کی گئی، جس سے یہ بات سامنے آئی کہ یہ تقریباً 12 ہزار سال پرانے ہیں۔ ان کے قریب پتھریلے اوزار، تیر کے نوک دار سرے، پتھروں کے دانے اور سمندری صدف سے بنا ایک موتی بھی ملا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ اُس دور کے لوگ شام سمیت قریبی خطوں سے ثقافتی و تجارتی روابط رکھتے تھے۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ ان نقوش میں سب سے زیادہ بار بار اونٹ ہی تراشا گیا ہے۔ یہ حقیقت عرب کی صحرائی ثقافت میں اونٹ کی علامتی حیثیت کو ظاہر کرتی ہے۔ آج بھی اونٹ صبر، بقا اور برداشت کی علامت مانا جاتا ہے، اور یہ قدریں ہزاروں سال سے اس خطے کے لوگوں کے اجتماعی شعور کا حصہ بنی ہوئی ہیں۔