ابوظہبی میں دنیا کی پہلی ماحول دوست نیٹ زیرو انرجی مسجد کی تعمیر

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 27-09-2025
ابوظہبی میں دنیا کی پہلی ماحول دوست نیٹ زیرو انرجی مسجد کی تعمیر
ابوظہبی میں دنیا کی پہلی ماحول دوست نیٹ زیرو انرجی مسجد کی تعمیر

 



دبئی: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے ماحول دوست اقدام کے طور پر ایک منفرد مسجد تعمیر کی ہے جو کسی قسم کی کاربن ڈائی آکسائیڈ خارج نہیں کرے گی۔ یہ مسجد اپنی نوعیت کی دنیا کی پہلی "نیٹ زیرو انرجی مسجد" ہے، جو ابوظہبی کے جدید ماحول دوست منصوبے مسدار سٹی میں تیار کی گئی ہے۔

کاربن ڈائی آکسائیڈ ایک ایسی گیس ہے جو فضا میں گرمی کو قید کرکے درجہ حرارت بڑھاتی ہے اور گلوبل وارمنگ کا سب سے بڑا سبب سمجھی جاتی ہے۔ عمارتوں کی توانائی کھپت اور ایندھن کے استعمال سے یہ گیس بڑی مقدار میں پیدا ہوتی ہے۔ اس پس منظر میں ایسی مسجد کی تعمیر جس سے کاربن کا اخراج صفر ہو، ماحولیاتی تبدیلی کے خلاف ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

برطانوی کمپنی اروپ نے اس مسجد کا ڈیزائن تیار کیا ہے، جس میں مٹی اور سولر پینلز کو بنیادی تعمیراتی عناصر کے طور پر استعمال کیا گیا ہے۔ مسجد میں 1300 نمازیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی اور اسے اکتوبر میں عوام کے لیے کھولا جائے گا۔ یہ مسجد اپنی 100 فیصد توانائی سورج کی روشنی سے حاصل کرے گی۔

سولر پینلز کے ساتھ ایسا کولنگ اور سرکولر ڈیزائن اپنایا گیا ہے جو توانائی کے استعمال کو ایک تہائی تک کم کر دیتا ہے۔ اسی طرح جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے پانی کی کھپت 50 فیصد تک کم کر دی گئی ہے۔ ڈیزائنرز کو سب سے بڑا چیلنج مسجد کو قبلہ رخ بنانا تھا، جبکہ سورج اور حرارت کے اثرات کو کم کرنے کے لیے اینگل ونڈوز، اسکائی لائٹس، وال انسولیشن اور کولنگ میٹریلز استعمال کیے گئے۔

اس کے علاوہ سنسرز کے ذریعے درجہ حرارت اور نمی کو مانیٹر کیا جائے گا تاکہ پنکھے اور ائیر کنڈیشنرز صرف ضرورت کے وقت استعمال ہوں۔ ماہرین کے مطابق یہ منصوبہ نہ صرف یو اے ای بلکہ دنیا بھر میں مذہبی اور عوامی مقامات کی تعمیر کے لیے ایک مثالی ماڈل ہے، جو توانائی کی بچت اور کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج کو ختم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔