افغانستان: خواتین کا مردوں کے ساتھ پارک جانا منع

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | 2 Years ago
افغانستان: خواتین کا مردوں کے ساتھ پارک جانا منع
افغانستان: خواتین کا مردوں کے ساتھ پارک جانا منع

 

 

کابل:طالبان نے افغانستان میں صنفی علیحدگی کے قانون کو نافذ کرتے ہوئے مردوں اور خواتین کے ایک ہی دن تفریحی پارکوں میں جانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق مردوں کو بدھ سے سنیچر تک تفریحی پارکوں میں جانے کی اجازت ہوگی جبکہ خواتین ہفتے کے باقی دنوں (پیر، منگل، بدھ) میں وہاں جا سکتی ہیں۔

گذشتہ مہینے طالبان کے ارکان پر اپنے ہتھیاروں کو تفریحی پارکوں میں لے جانے پر پابندی لگائی گئی تھی۔

اگست کے وسط میں طالبان کے کابل پر قبضے کے فوراً بعد ان کے جنگجوؤں کی تفریحی پارکوں میں تصاویر منظر عام پر آئی تھیں۔

طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ امارت اسلامیہ کے مجاہدین کو تفریحی پارکوں میں ہتھیاروں، فوجی وردیوں اور گاڑیوں کے ساتھ داخل ہونے کی اجازت نہیں ہے۔ ’(وہ) تفریحی پارکوں کے تمام قواعد و ضوابط پر عمل کرنے کے پابند ہیں۔‘

انسانی حقوق کے متعدد گروپوں نے کہا ہے کہ طالبان نے اگست میں اقتدار سنبھالنے کے بعد پورے افغانستان میں سخت اسلامی قوانین کا نفاذ شروع کر دیا ہے۔

طلوع نیوز کے مطابق طالبان نے اس سے پہلے ایک حکم نامہ جاری کیا تھا جس میں چھٹی جماعت سے اوپر کی طالبات کے سکول جانے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ اس حکم نامے کے بعد درجنوں طالبات کابل کی سڑکوں پر نکل آئیں اور طالبان حکومت سے اپنا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا۔