عمران خان کے خواتین مخالف بیان پرخواتین اور سماجی کارکنوں کا احتجاج

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 27-06-2021
عمران خان کے خلاف خواتین اور شہریوں کا احتجاج
عمران خان کے خلاف خواتین اور شہریوں کا احتجاج

 

 

کراچی

پاکستان کی سول سوسائٹی نے پاکستانی وزیراعظم عمران خان کے اس بیان کی مذمت کی جس میں انھوں نے خواتین کے لباس پر تبصرہ کیاتھا۔ اس سلسلے میں کراچی پریس کلب میں خواتین جمع ہوئیں اور احتجاج کیا۔ خواتین کے حقوق کے لئے کام کرنے والوں اورسول سوسائٹی کے کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے ہفتے کے روز کراچی میں خواتین کے لباس پہننے اور مردوں پر اس کے اثرات کے بارے میں وزیر اعظم عمران خان کے بیان پر تنقید کرنے کے لئے ایک مظاہرے میں حصہ لیا۔

وزیراعظم پاکستان کے بیان پر عوامی غصہ

انھوں نے عمران خان سے مطالبہ کیا کہ وہ عوامی طور پر اپنا بیان واپس لیں اور معافی مانگیں۔ احتجاج میں حصہ لینے والوں میں ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) اور دیگر سول سوسائٹی کے ادارے نیز حقوق نسواں کے کارکن شامل تھے۔دیگرشریک تنظیموں میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی ، ویمنز ایکشن فورم ، سندھ کمیشن آن دی اسٹیٹس آف وومن ، تحریک نسواں ، عورت مارچ ، عورت فاؤنڈیشن ، اور ویمن ڈیموکریٹک فرنٹ شامل تھے۔

احتجاجی مقررین نے وزیر اعظم پاکستان کے تبصرے کو "حقیقت میں غلط ، حساس اور خطرناک" قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے عام لوگوں کے تاثر کو تقویت ملی کہ خواتین متاثرین اور مردو "بے بس" جارحیت پسند " ہیں۔ ایک اسپیکر نے کہاکہ وہ ایسی حکومت کے سربراہ ہیں جو خواتین اور کمزور گروہوں کے حقوق کا دفاع کرنے کا دعوی کرتی ہے -

اس کی جانب سے ایک غلط نقطہ نظر پر اصرار کرنا ناقابل معافی ہے۔" ایک اسپیکر نے کہا ، "عمران خان نے لاکھوں خواتین کو ہی نہیں بلکہ اعلی انسانی نظریات اور اقدار کی بھی توہین کی ہے ، جنھیں انسانی حقوق کے بین الاقوامی چارٹر نے بھی تسلیم کیا ہے۔"

شرکاء نے حکمران جماعت کی متعدد خواتین ممبروں پر بھی اپنا غصہ ظاہر کیا جووزیر اعظم کے دفاع میں کود پڑیں اور "مبہم اور غیر منطقی اصطلاحات" میں ان کے تبصروں کے لئے جواز پیش کیا۔ انہوں نے سینیٹ اور قومی و صوبائی اسمبلیوں کی خواتین اراکین سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی سیاسی وابستگی سے اوپر اٹھ کر وزیر اعظم کے خلاف قرارداد پاس کریں۔احتجاج میں شامل خواتین اور بچیاں اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈس اٹھائے ہوے تھیں جن میں پوچھاگیا تھا کہ اگر خواتین کے ریپ کے لئے ان کا لباس ذمہ دار ہے تو مدرسوں کے لڑکوں کے ساتھ ہونے والی جنسی زیادتی کے لے کس کا لباس ذمہ دار ہے۔

انہوں نے وزیر اعظم سے فوری طور پر عوام سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔ واضح ہوکہ عمران خان نے خواتین کے لباس کو مردوں کے جذبات کے لئے ہیجان انگیزقراردیا تھا۔ ایچ بی او کے میزبان جوناتھن سوان کی جانب سے وزیراعظم عمران خان سے ریپ سے متعلق ان کے گذشتہ بیان کا حوالہ دیتے ہوئے سوال کیا گیا کہ کیا وہ سمجھتے ہیں کہ خواتین کا لباس مردوں کو ریپ کی ترغیب کا باعث بنتا ہے؟

جس کے جواب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر خواتین کم کپڑے پہنیں گی تو اس کا اثر مردوں پر تو ہو گا اگر وہ روبوٹ نہ ہوئے تو۔ اس کے بعد اس ہفتے کے شروع میں ،پاکستانی وزیر مملکت زرتاج گل اور پی ٹی آئی کی ایم این اے ملکہ علی بخاری اور کنول شوزاب نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ انہیں یقین ہے کہ وزیر اعظم کے تبصرے کی "غلط تشریح" کی گئی ہے۔