ایران- اسرائیل کو بہت جلد جنگ سے امن پر لا ئیں گے : ٹرمپ

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 16-06-2025
’ایران- اسرائیل کو بہت جلد جنگ سے امن پر لا ئیں  گے : ٹرمپ
’ایران- اسرائیل کو بہت جلد جنگ سے امن پر لا ئیں گے : ٹرمپ

 



واشنگٹن:  امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران اور اسرائیل کو باہمی معاہدہ کرنا چاہیے اور وہ ان دونوں ممالک کے درمیان بھی ایسا ہی معاہدہ کرائیں گے جیسا کہ انہوں نے بھارت اور پاکستان کے درمیان کرایا تھا۔

اتوار کے روز ’ٹرتھ سوشل‘ پر جاری کردہ اپنے بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران اور اسرائیل کو کسی معاہدے پر پہنچنا چاہیے، اور وہ ان دونوں کے درمیان ایسا معاہدہ کرائیں گے جیسا بھارت اور پاکستان کے معاملے میں امریکہ نے تجارت کو ذریعہ بنا کر کرایا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اُس وقت دونوں ملکوں کے رہنماؤں نے دانشمندی کا مظاہرہ کیا اور فوری جنگ بندی پر آمادگی ظاہر کی۔

صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ان کی پہلی مدتِ صدارت کے دوران سربیا اور کوسوو بھی جنگ کے دہانے پر تھے کیونکہ وہ دہائیوں سے تنازعات میں الجھے ہوئے تھے، لیکن انہوں نے اس جنگ کو روک دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بائیڈن انتظامیہ نے کچھ نہایت احمقانہ فیصلے کیے ہیں جس سے اس مسئلے کے طویل المدتی حل کے امکانات کو نقصان پہنچا، لیکن وہ دوبارہ اس مسئلے کو درست کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک اور مسئلہ مصر اور ایتھوپیا کے درمیان ہے جو دریائے نیل پر بننے والے ایک بڑے ڈیم کے حوالے سے کشیدگی میں مبتلا تھے۔ صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ان کی مداخلت کی وجہ سے کم از کم اُس وقت کے لیے دونوں ممالک میں امن قائم ہوا، اور ان کے بقول یہ امن برقرار رہے گا۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ اسی طرح جلد ہی اسرائیل اور ایران کے درمیان بھی امن قائم کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں بہت سی فون کالز اور ملاقاتیں جاری ہیں۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ "میں بہت کچھ کرتا ہوں مگر کبھی مجھے اس کا کریڈٹ نہیں دیا جاتا، لیکن کوئی بات نہیں، لوگ حقیقت کو جانتے ہیں۔"

اپنی پوسٹ کے آخر میں انہوں نے لکھا: ’’مشرقِ وسطیٰ کو دوبارہ عظیم بنائیں۔‘‘