زلزلے کے بعد ۔ طالبان سے خواتین امدادی کارکنوں پر عائد پابندیاں ہٹانے کا مطالبہ

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 08-09-2025
 زلزلے کے بعد ۔ طالبان سے خواتین امدادی کارکنوں پر عائد پابندیاں ہٹانے کا مطالبہ
زلزلے کے بعد ۔ طالبان سے خواتین امدادی کارکنوں پر عائد پابندیاں ہٹانے کا مطالبہ

 



اسلام آباد:عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے طالبان حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ افغان خواتین امدادی کارکنوں پر عائد پابندیاں ختم کریں تاکہ وہ بغیر مرد سرپرست کے سفر کرسکیں اور ان خواتین کی مدد کرسکیں جو تباہ کن زلزلے کے بعد علاج تک پہنچنے کے لیے جدوجہد کر رہی ہیں، جس میں مشرقی افغانستان میں 2,200 افراد جاں بحق ہوئے۔

ڈاکٹر مکتا شرما نے جو افغانستان میں ڈبلیو ایچ او کی ڈپٹی نمائندہ ہیں،رائٹرز کو بتایاکہ اب سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ ان علاقوں میں خواتین عملے کی شدید کمی ہے۔انہوں نے اندازہ لگایا کہ وہاں تقریباً 90 فیصد طبی عملہ مرد ہے اور باقی 10 فیصد زیادہ تر دایہ یا نرسز ہیں، ڈاکٹر نہیں، جو شدید زخموں کا علاج کرسکیں۔ اس وجہ سے علاج میں رکاوٹ پیدا ہورہی ہے کیونکہ خواتین مرد عملے سے ملنے یا اکیلے سفر کرکے علاج کرانے میں ہچکچاہٹ محسوس کرتی ہیں یا خوفزدہ رہتی ہیں۔

یکم ستمبر کو آنے والے 6 شدت کے زلزلے اور اس کے بعد کے جھٹکوں میں 3,600 سے زیادہ افراد زخمی اور ہزاروں بے گھر ہوگئے، ایسے ملک میں جو پہلے ہی شدید امدادی کٹوتیوں اور 2021 میں طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد انسانی بحرانوں کا شکار ہے۔افغان وزارت صحت اور طالبان انتظامیہ کے ترجمان نے اس پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

طالبان کا کہنا ہے کہ وہ خواتین کے حقوق کا احترام اپنی شریعت کی تشریح کے مطابق کرتے ہیں اور پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ خواتین کو امداد ملے۔ ان کی انتظامیہ نے 2022 میں افغان خواتین این جی اوز کے عملے کو گھر سے باہر کام کرنے سے روک دیا تھا۔ انسانی ہمدردی کے شعبے کے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ صحت اور تعلیم جیسے شعبوں میں کچھ استثنیٰ دی گئی ہے، لیکن یہ ناکافی اور غیر یقینی ہیں، خاص طور پر ایسے ہنگامی حالات میں جہاں سفر ضروری ہے۔ڈاکٹر شرما نے کہا کہ اس صورتحال نے امدادی اداروں اور خواتین عملے کو غیر یقینی میں ڈال دیا ہے اور بعض اوقات وہ یہ خطرہ مول نہیں لے سکتے۔

انہوں نے کہاکہ پابندیاں بہت بڑی ہیں، محرم (مرد سرپرست) کی شرط اب بھی برقرار ہے اور کسی باضابطہ استثنیٰ کا اعلان نہیں کیا گیا۔ اسی لیے ہمیں محسوس ہوا کہ حکام سے کہنا ضروری ہے کہ یہی وہ وقت ہے جب زیادہ خواتین طبی عملے کی ضرورت ہے، ہمیں انہیں لانے دیں اور دوسرے علاقوں سے بھی تلاش کرنے دیں۔ڈاکٹر شرما نے اس بات پر بھی تشویش ظاہر کی کہ مستقبل میں خواتین ذہنی صحت کی دیکھ بھال تک کیسے پہنچ سکیں گی تاکہ صدمے سے نمٹ سکیں، خاص طور پر وہ خواتین جن کے مرد اہل خانہ زلزلے میں جاں بحق ہوگئے اور اب انہیں بغیر مرد سرپرست کے سخت پابندیوں کا سامنا ہے۔

کونڑ صوبے کے سومائی ضلع کے رہائشی پیر گل نے بتایا کہ زلزلے سے شدید متاثرہ علاقے میں ان کے گاؤں کی کئی خواتین صدمے اور بلڈ پریشر کے مرض میں مبتلا ہوگئی ہیں اور انہیں علاج تک پہنچنے میں مشکلات ہیں۔انہوں نے کہاکہ معائنہ کے لیے کوئی خاتون ڈاکٹر موجود نہیں ہے؛ صرف ایک مرد ڈاکٹر ہے۔ڈاکٹر شرما نے افغان خواتین ڈاکٹروں کی بڑھتی ہوئی کمی کی طرف بھی اشارہ کیا کیونکہ طالبان نے لڑکیوں کو ہائی اسکول اور یونیورسٹی جانے سے روک دیا ہے، جس کی وجہ سے خواتین ڈاکٹروں کی نئی نسل تیار نہیں ہو رہی۔

اقوام متحدہ کا اندازہ ہے کہ تقریباً 11,600 حاملہ خواتین بھی زلزلے سے متاثر ہوئی ہیں، ایسے ملک میں جو ایشیا میں سب سے زیادہ زچگی اموات کی شرح رکھتا ہے۔امریکہ کی جانب سے اس سال فنڈنگ میں کمی سمیت دیگر کٹوتیوں نے صحت کے نظام کو پہلے ہی شدید نقصان پہنچایا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں تقریباً 80 صحت کی سہولیات پہلے ہی امریکی امداد میں کٹوتی کی وجہ سے بند ہوچکی تھیں اور مزید 16 ہیلتھ پوسٹس کو زلزلے سے نقصان پہنچنے کے باعث بند کرنا پڑا۔