کس ملک کے پاس سب سے زیادہ سونا؟ ہندوستان کے پاس کتنا سونا؟

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 10-02-2026
کس ملک کے پاس سب سے زیادہ سونا؟ ہندوستان کے پاس کتنا سونا؟
کس ملک کے پاس سب سے زیادہ سونا؟ ہندوستان کے پاس کتنا سونا؟

 



واشنگٹن: عالمی معیشت میں سونا اب بھی محفوظ سرمایہ کاری کی علامت سمجھا جاتا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب کرنسی مارکیٹس میں بے یقینی اور اتار چڑھاؤ بڑھ رہا ہو۔ دنیا بھر کے مرکزی بینک سونے کو زرِ مبادلہ کے ذخائر کا اہم حصہ بنائے ہوئے ہیں تاکہ معاشی دباؤ کے دوران استحکام برقرار رکھا جا سکے۔

ٹریڈنگ اکنامکس کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق امریکا بدستور دنیا میں سب سے زیادہ سونا رکھنے والا ملک ہے، جس کے پاس تقریباً 8 ہزار 133 ٹن سونے کے ذخائر موجود ہیں۔ یورپ کی بڑی معیشتیں بھی اس دوڑ میں نمایاں ہیں، جہاں جرمنی 3 ہزار 362 ٹن کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، جبکہ اٹلی کے پاس 3 ہزار 350 ٹن اور فرانس کے پاس 2 ہزار 452 ٹن سونا محفوظ ہے۔

ایشیا میں روس اور چین نے بھی سونے کے ذخائر میں نمایاں مقام حاصل کر رکھا ہے۔ روس کے پاس 2 ہزار 327 ٹن جبکہ چین کے ذخائر 2 ہزار 306 ٹن تک پہنچ چکے ہیں۔ ان کے بعد سوئٹزر لینڈ 1 ہزار 40 ٹن کے ساتھ نمایاں ہے، جبکہ بھارت 880 ٹن اور جاپان 846 ٹن سونے کے ذخائر رکھتے ہیں۔ ابھرتی ہوئی معیشتوں میں ترکیہ اور نیدر لینڈز بالترتیب دسویں اور گیارہویں نمبر پر ہیں، جن کے پاس تقریباً 614 اور 612 ٹن سونا موجود ہے۔

اس کے برعکس دنیا کے کئی ممالک ایسے بھی ہیں جہاں سونے کے ذخائر نہایت محدود ہیں، افریقہ، ایشیا اور یورپ کے متعدد ممالک میں یہ مقدار ایک ٹن سے بھی کم ہے۔ عرب دنیا میں سعودی عرب 323 ٹن سونے کے ساتھ عالمی فہرست میں 18 ویں نمبر پر ہے، جبکہ متحدہ عرب امارات کے پاس 74.26 ٹن سونا ہے، جو اسے 44 ویں پوزیشن پر لے آتا ہے۔

بعض ممالک میں صورتحال مزید مختلف ہے، آرمینیا کے سرکاری ریکارڈ میں صفر ٹن سونا درج ہے، کینیا کے پاس صرف 0.02 ٹن، فجی کے پاس 0.03 ٹن اور یوراگوئے کے پاس 0.1 ٹن سونا موجود ہے۔ پاکستان کا شمار عالمی درجہ بندی میں درمیانی سطح کے ممالک میں ہوتا ہے۔

تقریباً 64.77 ٹن سونے کے ذخائر کے ساتھ پاکستان 48 ویں نمبر پر موجود ہے۔ اگرچہ یہ مقدار بڑی عالمی معیشتوں کے مقابلے میں کم ہے، تاہم کئی چھوٹے اور ابھرتے ہوئے ممالک سے زیادہ ہونے کے باعث یہ ملکی معیشت کے لیے ایک معتدل سہارا فراہم کرتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی معاشی غیر یقینی صورتحال میں سونے کے ذخائر کسی بھی ملک کی مالی طاقت اور پالیسی استحکام کا اہم پیمانہ ہوتے ہیں۔ پاکستان کے محدود مگر موجود ذخائر زرِ مبادلہ اور مالیاتی حکمتِ عملی میں ایک بامعنی کردار ادا کرتے رہتے ہیں۔