آسٹریلیا میں رمضان کا آغاز کب؟ تاریخ کا اعلان

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 13-02-2026
آسٹریلیا میں رمضان کا آغاز کب؟ تاریخ کا اعلان
آسٹریلیا میں رمضان کا آغاز کب؟ تاریخ کا اعلان

 



سڈنی: رمضان المبارک 1447ھ کے آغاز سے متعلق مختلف ممالک میں سرکاری سطح پر اعلانات کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، اور اس سلسلے میں آسٹریلیا اور سلطنتِ عمان نے پیشگی تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے۔ آسٹریلیا میں رمضان المبارک کا آغاز 19 فروری 2026ء بروز جمعرات سے ہوگا۔

گرینڈ مفتی آسٹریلیا ڈاکٹر ابراہیم ابو محمد نے باقاعدہ اعلان کرتے ہوئے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس بابرکت مہینے میں خصوصی طور پر عالمِ اسلام کے مسائل کے حل کے لیے دعائیں کریں، بالخصوص غزہ اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کو اپنی عبادات اور مناجات میں یاد رکھیں۔ دوسری جانب سلطنتِ عمان نے بھی اعلان کیا ہے کہ وہاں یکم رمضان المبارک 19 فروری 2026ء کو ہوگا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق عمان ان چند ممالک میں شامل ہے جو فلکیاتی حسابات کی بنیاد پر چاند کی متوقع رویت سے قبل ہی رمضان المبارک کی تاریخ کا باضابطہ اعلان کر دیتے ہیں، اور اس بار بھی ملک نے پیشگی طور پر تاریخ مقرر کر دی ہے۔ اس طرح دونوں ممالک میں 19 فروری کو رمضان المبارک کے آغاز کی تیاریوں کا باضابطہ آغاز ہو چکا ہے، جبکہ دیگر اسلامی ممالک میں چاند کی رویت کے بعد حتمی اعلان متوقع ہے۔