ایران وامریکا کے درمیان مذاکرات کا اگلا مرحلہ کب؟

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 23-02-2026
ایران وامریکا کے درمیان مذاکرات کا اگلا مرحلہ کب؟
ایران وامریکا کے درمیان مذاکرات کا اگلا مرحلہ کب؟

 



واشنگٹن: ایران اور امریکا کے درمیان جوہری مذاکرات ایک بار پھر اہم مرحلے میں داخل ہوتے دکھائی دے رہے ہیں، جہاں سفارتی پیش رفت کی نئی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق اگر تہران کی جانب سے جوہری تجاویز کا باضابطہ مسودہ آئندہ 48 گھنٹوں میں موصول ہو جاتا ہے تو دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کا اگلا دور جمعے کو متوقع ہے۔

امریکی حکام کے حوالے سے جاری رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ امریکی مذاکرات کار جنیوا میں ممکنہ بات چیت کے لیے تیار ہیں اور ایرانی تجاویز کا انتظار کر رہے ہیں تاکہ تفصیلی تبادلہ خیال کیا جا سکے۔ دوسری جانب برطانوی خبر رساں ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ جاری سفارتی رابطوں کے دوران ایران نے امریکا کو اپنی تیل کی صنعت میں سرمایہ کاری کی پیشکش کی ہے۔

ایک ایرانی عہدیدار کے مطابق زیر غور معاشی پیکیج میں امریکی سرمایہ کاری کی گنجائش موجود ہے، تاہم ایران اپنے تیل اور معدنی وسائل پر مکمل خودمختاری برقرار رکھے گا۔ ایرانی عہدیدار نے واضح کیا کہ امریکا ایران کا صرف معاشی شراکت دار ہو سکتا ہے، اس سے زیادہ کوئی کردار قابل قبول نہیں ہوگا۔

ان کے بقول امریکی کمپنیاں ایرانی تیل و گیس فیلڈز میں ٹھیکے دار کی حیثیت سے کام کر سکتی ہیں لیکن وسائل کا کنٹرول ایران ہی کے پاس رہے گا۔ مزید برآں ایرانی حکام نے عندیہ دیا ہے کہ پرامن جوہری افزودگی کے حق کے بدلے ایران ایک علاقائی افزودگی کنسورشیم کے قیام پر غور کر سکتا ہے، جس کا مقصد اعتماد سازی اور شفافیت کو فروغ دینا ہوگا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق آئندہ چند دن اس حوالے سے انتہائی اہم ثابت ہو سکتے ہیں، کیونکہ ایرانی تجاویز کی نوعیت ہی مذاکرات کی سمت اور رفتار کا تعین کرے گی۔