طلاق کے بعد ملینڈا گیٹس کتنے حصے کی مالک بنیں گی ؟

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 06-05-2021
طلاق کے بعد   ملینڈا  کی دولت 73 ارب ڈالرز تک ہونے کا امکان ہے
طلاق کے بعد ملینڈا کی دولت 73 ارب ڈالرز تک ہونے کا امکان ہے

 

 

واشنگٹن

بل گیٹس اور ان کی اہلیہ ملینڈا گیٹس کے درمیان گزشتہ 3 مئی کو ہونے والی علیحدگی کے بعد خواتین کی ترقی کی پرزور حامی ملینڈا گیٹس دنیا کی دوسری امیر ترین خاتون بن سکتی ہیں، جن کی دولت 73 ارب ڈالرز تک ہونے کا امکان ہے۔

واشنگٹن کی کنگ کاؤنٹی کی اعلیٰ عدالت میں دائر طلاق کی درخواست میں ملینڈا گیٹس نے کہا تھا کہ بل گیٹس سے ان کی شادی 'ناقابل تلافی حد تک ٹوٹ پھوٹ' کا شکار ہے، جبکہ عدالت سے جوڑے کے 146 ارب ڈالرز کے اثاثے تقسیم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ ان اثاثوں کی 50-50 تقسیم کا امکان زیادہ ہے کیونکہ طلاق کی درخواست میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ 1994 میں شادی کے بندھن میں بندھنے والے اس جوڑے نے شادی سے قبل معاہدہ نہیں کیا تھا اور واشنگٹن ریاست کے قانون کے تحت جوڑوں میں طلاق ہونے پر اثاثے مساوی بنیادوں پر تقسیم کردیئے جاتے ہیں۔

اگر ایسا ہوتا ہے تو ملینڈا گیٹس دنیا کی دوسری امیر ترین خاتون بن جائیں گی اور ان سے آگے 67 سالہ فرانسوئس بیتھنکورٹ میئرز ہوں گی جو 83 ارب ڈالرز کی مالک ہیں۔

تاہم بل گیٹس اس سے زیادہ بلکہ دنیا کے امیر ترین شخص ہوسکتے تھے اگر وہ کم از کم 45 ارب ڈالرز بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے ذریعے فلاحی کاموں کے لیے عطیہ نہ کرتے۔ طلاق کی رپورٹس کے بعد یہ سوال بھی سامنے آیا ہے کہ اس فاؤنڈیشن کے ذریعے جوڑے کے فلاحی اقدامات کا مستقبل کیا ہوگا۔ اس فاؤنڈیشن کو دیگر مخیر افراد سے بھی عطیات ملتے ہیں جن میں متعدد ارب پتی شخصیات کے ساتھ برطانوی حکومت بھی شامل ہے۔

اگرچہ بل اور ملینڈا گیٹس کا کہنا ہے کہ وہ فاؤنڈیشن کی سربراہی جاری رکھیں گے مگر کچھ ماہرین کے مطابق طلاق کے بعد دونوں کے مختلف خیالات اس ادارے کی سمت پر اثرات مرتب کرسکتے ہیں۔