پاکستان:آج جو ہوا اس کا فوج سے کوئی تعلق نہیں: ڈی جی آئی ایس پی آر

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 03-04-2022
آج جو ہوا اس کا ادارے سے کوئی تعلق نہیں: ڈی جی آئی ایس پی آر
آج جو ہوا اس کا ادارے سے کوئی تعلق نہیں: ڈی جی آئی ایس پی آر

 

 

اسلام آباد: پاکستان میں زبردست سیاسی اتھپل پتھل کے دوران فوج نے وضاحت کی ہے کہ قومی اسمبلی میں جو کچھ ہوا ہے اس میں فوج کا کوئی کردار نہیں ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ آج جو کچھ ہوا ادارے کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔ اتوار کو مقامی میڈیا کی جانب سے ڈی جی آئی ایس پی آر سے سوال کیا گیا کہ کیا آج کے اقدامات میں فوج کی رضا مندی شامل تھی؟

اس پر میجر جنرل بابر افتخار نے جواب دیا کہ ’ایبسولیوٹلی ناٹ۔ قبل ازیں پاکستان مسلم لیگ عوامی کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے دعویٰ کیا تھا کہ ’ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی جانب سے تحریک عدم اعتماد کو مسترد کیے جانے کے فیصلے کو ریاستی اداروں کی تائید حاصل ہے۔‘

اتوار کو مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا یہ ان کا تجزیہ ہے یا معلومات تو شیخ رشید نے جواب دیا ’معلومات۔‘ تاہم فوج کی جانب سے اس دعوے کی نفی سامنے آئی۔ ڈی جی آٸی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے ہم نیوز کے اینکر ثمر عباس کو بتایا کہ ’شیخ رشید غلط بیانی کر رہے ہیں۔ ہمارا اس سے کوٸی تعلق نہیں ہے۔‘ واضح رہے کہ گذشتہ روز میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ’اسٹیبلشمنٹ مداخلت کرے اور ملک میں فوری انتخابات کرائے جائیں۔‘ انہوں نے کہا کہ ’غیر ملکی سازش میں ملوث سیاسی جماعتوں پر غداری کے مقدمے قائم کیے جائیں اور ان پر پابندی عائد کی جائے۔‘ شیخ رشید کا کہنا تھا وہ رمضان یا عید کے بعد ٹی وی پر بطور اینکر نظر آ سکتے ہیں۔