طالبان کی واپسی کے بعد افغان خواتین اساتذہ کا کیا ہوا؟

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 02-06-2026
طالبان کی واپسی کے بعد افغان خواتین اساتذہ کا کیا ہوا؟
طالبان کی واپسی کے بعد افغان خواتین اساتذہ کا کیا ہوا؟

 



لندن:تصور کیجیے کہ آپ نے اپنی زندگی کے کئی عشرے ایک پیشے کو دیے ہوں۔ آپ کے پاس ماسٹرز کی ڈگری ہو۔ آپ نے سینکڑوں طلبہ کو تعلیم دی ہو۔ آپ ہر صبح مقصد اور اعتماد کے ساتھ اپنے کام پر جاتے ہوں۔ پھر اچانک آپ کو بتایا جائے کہ آپ اب واپس نہیں آ سکتیں۔ وجہ نہ کوئی غلطی ہو اور نہ کوئی کوتاہی بلکہ صرف یہ کہ آپ ایک عورت ہیں۔

افغانستان میں اگست 2021 میں طالبان کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد متعدد خواتین ماہرین تعلیم کے ساتھ یہی ہوا۔

محققین نے 12 افغان خواتین اساتذہ اور ماہرین تعلیم سے ٹیلی گرام اور واٹس ایپ کے ذریعے گفتگو کی۔ ان میں سے 8 افغانستان میں مقیم تھیں جبکہ 4 ملک چھوڑ چکی تھیں۔ ان خواتین کی کہانیاں شدید ذہنی اذیت اور محرومی کی عکاسی کرتی ہیں۔

1996 سے 2001 کے دوران طالبان کے پہلے دور حکومت میں خواتین کو تعلیم اور بیشتر ملازمتوں سے محروم کر دیا گیا تھا۔ بعد ازاں امریکی مداخلت کے بعد حالات میں بہتری آئی اور اعلیٰ تعلیم میں خواتین کی شرکت نمایاں طور پر بڑھی۔ 2001 میں یونیورسٹیوں میں طالبات کی تعداد تقریباً 5 ہزار تھی جو 2021 تک بڑھ کر ایک لاکھ سے زیادہ ہو گئی۔ یونیورسٹی طلبہ میں خواتین کا تناسب 28 فیصد جبکہ تدریسی عملے میں 14 فیصد تک پہنچ گیا تھا۔

تاہم دسمبر 2022 میں خواتین کے لیے تمام جامعات کے دروازے بند کر دیے گئے۔ لڑکیوں کی تعلیم 12 سال کی عمر کے بعد ممنوع قرار دی گئی۔ خواتین کو بیشتر ملازمتوں سے نکال دیا گیا اور ان کی نقل و حرکت پر بھی سخت پابندیاں عائد کر دی گئیں۔

آج افغانستان انسانی ترقی کے اشاریے میں 193 ممالک میں 181 ویں مقام پر ہے۔

خواتین اساتذہ نے اپنی صورتحال کو سیاسی اصطلاحات میں نہیں بلکہ ذاتی دکھ اور محرومی کے انداز میں بیان کیا۔

20 سال سے زیادہ تدریسی تجربہ رکھنے والی ایک خاتون نے کہا:

"طالبان کے اقتدار میں ایک عورت کے طور پر زندگی گزارنا آہستہ آہستہ مرنے کے مترادف ہے۔ میں ہر روز خود کو مرتا ہوا محسوس کرتی ہوں۔ میں سب کچھ کھو چکی ہوں۔ اب نہ میرے علم کی کوئی قدر ہے اور نہ میری تعلیم کی۔"

30 سال تدریس سے وابستہ رہنے والی ایک اور خاتون نے کہا:

"میری زندگی کے خوش ترین لمحات کلاس روم میں گزرے۔ مجھے گھر سے نکلنا۔ پڑھانا اور اپنے طلبہ سے ملنا پسند تھا۔ موجودہ صورتحال میرے لیے تدریجی موت جیسی ہے۔"

تحقیق کے مطابق 12 میں سے 10 خواتین شدید ذہنی دباؤ اور نفسیاتی مسائل کا شکار تھیں جبکہ تمام خواتین نے مایوسی اور ناامیدی کے احساسات کا اظہار کیا۔

ایک خاتون نے کہا:

"میں نے اپنی ملازمت۔ اپنا مقام۔ اپنی عزت۔ اپنی ساکھ اور اپنی سماجی شناخت سب کچھ کھو دیا۔"

رپورٹ کے مطابق افغانستان میں ملازمت کا خاتمہ صرف آمدنی کا نقصان نہیں بلکہ سماجی وجود کے خاتمے کے مترادف بن جاتا ہے۔

ایک شریک خاتون نے کہا:

"معاشرے میں خواتین کی موجودگی بہت کم ہو گئی ہے اور ان کے سماجی روابط تقریباً ختم ہو چکے ہیں۔"

طالبان نے آن لائن تعلیم پر بھی پابندیاں عائد کر دیں۔ نجی جامعات جو فاصلاتی تعلیم فراہم کر رہی تھیں انہیں بھی یہ سلسلہ بند کرنے کا حکم دیا گیا۔

تحقیق میں خواتین کی صورتحال کا جائزہ اسلامی فیمنزم کے تناظر میں لیا گیا۔ اس نظریے کے مطابق اسلام خواتین کے تعلیم حاصل کرنے۔ معاشی سرگرمیوں میں حصہ لینے اور سماجی زندگی میں فعال کردار ادا کرنے کے حق کی حمایت کرتا ہے۔

محققین کے مطابق طالبان کی پابندیاں اسلامی تعلیمات کی حقیقی روح کی نمائندگی نہیں کرتیں بلکہ مذہبی متون کی ایسی تشریحات پر مبنی ہیں جن کا مقصد مردانہ بالادستی اور سیاسی کنٹرول کو برقرار رکھنا ہے۔

اس نظریے کے مطابق مسئلہ اسلام نہیں بلکہ بعض افراد کی جانب سے اسلام کی مخصوص تشریح ہے۔

اس تمام تر صورتحال کے باوجود افغان خواتین نے ہمت نہیں ہاری۔ بعض خفیہ طریقوں سے تدریس جاری رکھے ہوئے ہیں۔ کچھ سوشل میڈیا کے ذریعے علمی رابطے برقرار رکھے ہوئے ہیں جبکہ بعض کو امید ہے کہ عالمی دباؤ ایک دن تبدیلی کا سبب بنے گا۔

ایک خاتون نے اپنی کیفیت بیان کرتے ہوئے کہا:

"ایسا لگتا ہے جیسے ہم ایک چوراہے پر کھڑے ہیں جہاں تمام راستے تاریک ہیں۔ کوئی راستہ واضح نہیں۔ ہر سمت غیر یقینی صورتحال ہے۔ اسی لیے مستقبل کی کوئی واضح منصوبہ بندی ممکن نہیں۔"

محققین کے مطابق عالمی برادری متبادل تعلیمی پروگراموں کی مالی معاونت۔ جلاوطن افغان خواتین ماہرین تعلیم کی مدد اور طالبان پر مسلسل بین الاقوامی دباؤ کے ذریعے افغان خواتین کی حمایت کر سکتی ہے۔