واشنگٹن: امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایران کے ساتھ جاری کشیدگی کے دوران امریکا کو فضائی محاذ پر نمایاں نقصان اٹھانا پڑا ہے، جس میں متعدد جنگی طیاروں اور ڈرونز کی تباہی شامل ہے۔ بلوم برگ کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ اب تک امریکا کے کم از کم 16 جنگی طیارے تباہ ہو چکے ہیں، جبکہ مزید 6 طیاروں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ تباہ ہونے والوں میں 10 ریپر اسٹرائیک ڈرونز بھی شامل ہیں، جو بغیر پائلٹ کے چلنے والے جدید طیارے سمجھے جاتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بعض واقعات غیر معمولی نوعیت کے بھی ہیں۔ تین امریکی جنگی طیارے کویت کی فضاؤں میں تباہ ہوئے، جن کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ ممکنہ طور پر فرینڈلی فائر کا نشانہ بنے۔ اسی دوران ایک کے سی-135 ٹینکر طیارہ ری فیولنگ آپریشن کے دوران حادثے کا شکار ہو کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں اس میں سوار عملے کے تمام 6 افراد ہلاک ہو گئے۔
مزید برآں، سعودی عرب کے ایک ہوائی اڈے پر موجود 5 کے سی-135 ری فیولنگ طیاروں کو ایرانی میزائل حملے میں نشانہ بنایا گیا، جس سے انہیں شدید نقصان پہنچا۔ بلوم برگ کے مطابق ایران نے امریکی بغیر پائلٹ ریپر ڈرونز کو بھی نشانہ بنایا ہے اور اب تک 9 ڈرون تباہ کیے جا چکے ہیں، جن میں سے ایک کو اردن میں بیلسٹک میزائل کے ذریعے مار گرایا گیا۔ یہ صورتحال خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور فضائی خطرات کی شدت کو ظاہر کرتی ہے، جہاں دونوں جانب عسکری سرگرمیاں مسلسل بڑھ رہی ہیں۔