پاکستان کیساتھ مل کر افغانستان کا سیاسی حل تلاش کرینگے۔چین

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 08-07-2021
چین بھی کھیل کا حصہ بننے کو تیار
چین بھی کھیل کا حصہ بننے کو تیار

 

 

 اسلام آباد :چین نے بھی بساط بچھالی ہے اور ساجھے دار ہوگا پاکستان ۔دونوں مل کر تلاش کریں گے افغانستان کا حل۔ اس کا اعلان چینی وزیر خارجہ وانگ اِی نے کیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ افغانستان کامستقبل چین اور پاکستان دونوں کیلیے اہم چیلنج ہے، انھوں نے پاک چین تعلقات کے 70 سال مکمل ہونے کے حوالے سے تقریب میں بذریعہ وڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان کے ساتھ مل کر مذاکرات کے ذریعے سیاسی حل تلاش کرنے،قومی مفاہمت کے حصول اور پائیدار امن کیلیے مختلف دھڑوں کی حمایت کرتا رہے گا۔

وانگ ای نے کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان اسٹریٹیجک روابط میں اضافہ ضروری ہے جبکہ ہر نوعیت کے روابط اور معلومات کا تبادلہ برقرار رکھیں گے،دونوں ممالک کو علاقائی امن کے تحفظ کیلیے ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے مزیدکہا چین اور پاکستان کثیرالجہتی اصولوں کے امین ہیں،ہم دونوں کو ایک دوسرے کی بھرپورضرورت ہے، سی پیک میں تیسرے فریق کی شمولیت کاخیر مقدم کیاجائیگا۔

 وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی نے کہا پاکستان کی توجہ جیوپالیٹکس سے جیو اکنامکس کی طرف تبدیل ہوچکی، ترقیاتی شراکت داری، رابطوں کی استواری اور علاقائی امن کے ذریعے پاکستان کو ترقی کی جانب گامزن اور معاشی طورپر مضبوط ملک بنانا چاہتے ہیں۔