ہم کبھی ہار نہیں مانیں گے: احمد مسعود

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 05-09-2021
احمد مسعود
احمد مسعود

 

 

کابل:  افغانستان کے صوبہ پنج شیر سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق طالبان نے جمعے کو صوبے کا کنٹرول حاصل کرنے کے لیے ایک بڑا حملہ شروع کیا تھا جس کا میابی اور ناکامی کے بارے میں فریقین کے متضاد دعوے سامنے آ رہے ہیں۔

ہفتے کو پنج شیر سے شدید لڑائی کی اطلاعات ملی ہیں۔ ایسی بھی اطلاعات ہیں کہ لڑائی میں سینکڑوں جنگجو مارے گئے ہیں۔ سابق نائب صدر امر اللہ صالح نے اپنے بارے میں میڈیا میں گردش کرنے والی افواہوں کی تردید کی ہے کہ وہ ملک چھوڑ کر فرار ہو گئے ہیں۔

انہوں نے بی بی سی کو بتایا کہ ایسی رپورٹس ’بے بنیاد‘ ہیں اور وہ ابھی پنج شیر میں ہی ہیں۔ افغانستان کے معزول نائب صدر کا کہنا ہے کہ طالبان نے پنج شیر کے لیے آنے والی انسانی امداد بند کر دی ہے جو بین الاقوامی قانون کے تحت جنگی جرم ہے۔

اس سے قبل سابق افغان صدر حامد کرزئی نے صوبہ پنج شیر میں طالبان اور مزاحمتی محاذ کے درمیان جھڑپوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’دونوں بھائیوں کو جنگ کی بجائے بات چیت کے ذریعے مسئلہ حل کرنا چاہیے۔‘ حامد کرزئی نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر لکھا: ’بدقسمتی سے حالیہ دنوں میں اصلاح پسندوں کی کوششوں کے باوجود فوجی آپریشن اور لڑائی پنج شیر میں شروع کر دی گئی ہے، گہری تشویش کا معاملہ ہے جس کے نتائج میرے خیال میں ملک اور عوام دونوں کے مفاد میں نہیں نکلیں گے۔

‘ اپنے پیغام میں انہوں نے فریقین سے مطالبہ کیا کہ ’موجودہ مسئلے کو بات چیت کے ذریعے حل کریں تاکہ ہمارے مصیبت زدہ لوگ مکمل امن اور خوشی سے لطف اندوز ہو سکیں۔‘ ادھر پنج شیر میں طالبان کے خلاف مزاحمت کرنے والے رہنماؤں میں سے ایک احمد مسعود نے اپنے فیس بک پیغام میں لکھا ہے کہ ’ہم کبھی خدا کی راہ میں جنگ، آزادی اور انصاف سے پیچھے نہیں ہٹے۔‘’

انہوں نے مزید لکھا کہ ’پنج شیر جیسی جنگ جو اب تک جاری ہے جس میں ہماری ہیراتی بہنوں نے بہادری کے ساتھ سچ کا علم بلند کیا ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ لوگوں نے اب تک سچ کی سربلندی کے لیے جنگ کا مطالبہ ترک نہیں کیا۔‘ لوگ اب تک تھکے نہیں ہیں اور وہ کسی بھی دھمکی سے خوف ذدہ نہیں۔ شکست جب ہوتی ہے جب آپ اپنے حقوق کی خاطر لڑنا چھوڑ دیں اور تھک جائیں۔