ہندوستان کے ساتھ جنگ کے امکانات حقیقی ہیں:خواجہ آصف

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 08-10-2025
ہندوستان کے ساتھ جنگ کے امکانات حقیقی ہیں:خواجہ آصف
ہندوستان کے ساتھ جنگ کے امکانات حقیقی ہیں:خواجہ آصف

 



اسلام آباد: پاکستان کے وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے خبردار کیا ہے کہ "ہندوستان کے ساتھ جنگ کے امکانات حقیقی ہیں" اور دعویٰ کیا ہے کہ مستقبل میں اگر کوئی مسلح تصادم ہوا تو پاکستان پہلے سے بھی بڑی کامیابی حاصل کرے گا۔ خواجہ آصف نے یہ بات منگل کے روز "سماء ٹی وی" کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہی، جب اینکر نے اُن سے ہندوستانی سیاست دانوں اور اعلیٰ فوجی حکام کے حالیہ بیانات کے بارے میں سوال کیا۔

وزیرِ دفاع نے کہا کہ مسلح تصادم کا خطرہ موجود ہے، پاکستان چوکنا ہے اور صورتِ حال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ ایک سوال کے جواب میں خواجہ آصف نے کہا: "ہندوستان کے ساتھ جنگ کے امکانات حقیقی ہیں۔" اُنہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر ہندوستان کے ساتھ جنگ ہوئی تو پاکستان کو زیادہ موافق نتائج حاصل ہوں گے۔

آصف نے کہا، "میں کشیدگی بڑھانا نہیں چاہتا، مگر خطرات حقیقی ہیں، اور میں اس سے انکار نہیں کر رہا۔ اگر جنگ کی نوبت آئی تو اللہ کے فضل سے ہم پہلے سے بہتر نتائج حاصل کریں گے۔" انہوں نے مزید کہا کہ اب پاکستان کے حامی اور اتحادی چھ ماہ قبل کے مقابلے میں زیادہ ہیں، جبکہ اُن کے مطابق ہندوستان نے اُن ممالک کی حمایت بھی کھو دی ہے جو مئی میں ہونے والے تصادم سے قبل اس کے ساتھ تھے۔ البتہ خواجہ آصف نے کسی مخصوص ملک کا نام نہیں لیا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ مغل بادشاہ اورنگزیب کے دورِ حکومت کے علاوہ ہندوستان کبھی بھی ایک متحد قوم نہیں رہا، جب کہ پاکستان اللہ کے نام پر بنایا گیا تھا، اور مئی میں ہونے والے تصادم کے دوران کئی اندرونی مسائل کے باوجود وہ متحد رہا۔ انہوں نے کہا، "گھر کے اندر ہم بحث کرتے ہیں، مقابلہ کرتے ہیں، لیکن ہندوستان کے ساتھ لڑائی میں ہم ایک ہو جاتے ہیں۔"

واضح رہے کہ حال ہی میں ہندوستانی فوج کے سربراہ جنرل اُپندر دویدی نے پاکستان کو متنبہ کیا تھا کہ اگر وہ دنیا کے نقشے پر قائم رہنا چاہتا ہے تو اُسے ریاستی سرپرستی میں ہونے والے دہشت گردی کے اقدامات کی حمایت ختم کرنا ہوگی۔ اس کے علاوہ، ایئر چیف مارشل اے پی سنگھ نے جمعہ کے روز کہا تھا کہ "آپریشن سندور" کے دوران ہندوستانی حملوں میں امریکی ایف-16 طیارے سمیت کم از کم ایک درجن پاکستانی جنگی جہاز تباہ یا شدید نقصان کا شکار ہوئے۔

ہندوستان کے وزیرِ دفاع راجناتھ سنگھ نے بھی جمعہ کو حیدرآباد میں ایک تقریب کے دوران کہا تھا کہ ہندوستان اپنے شہریوں اور اپنی وحدت و سالمیت کے تحفظ کے لیے، جب بھی ضرورت ہو، کسی بھی حد تک جا سکتا ہے۔ یاد رہے کہ پہلگام میں 22 اپریل کو ہونے والے دہشت گرد حملے کے جواب میں ہندوستان نے 7 مئی کو "آپریشن سندور" شروع کیا تھا، جس میں پاکستان کے زیرِ قبضہ علاقوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔