!ایدھی کی پیشکش۔ بے حال پاکستان چلا ہندوستان کا حال جاننے

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 23-04-2021
 ایدھی فاونڈیشن کے بانی مرحوم عبدالستار ایدھی
ایدھی فاونڈیشن کے بانی مرحوم عبدالستار ایدھی

 

 

پاکستان میں انسانی خدمت کےلئے مشہور نجی رفاہی ادارے ایدھی فاؤنڈیشن کی جانب سے وزیراعظم نریندر مودی کے نام خط میں کورونا کی بدترین صورتحال کا شکار ہندوستانی عوام کی مدد کی پیشکش کی گئی ہے۔

پاکستان میں کورونا کی مار جاری ہے۔ ملک میں ویکسین کی ہاہا کار ہے۔عوام کے سامنے ویکسین ہیں تو جیب میں پیسہ نہیں ہے۔پیسہ ہے تو ویکسین نہیں ہے۔ پاکستان میں کورونا کا بحران کئی شکلیں اختیار کرچکا ہے۔بدعنوانیوں اور بد انتظامی کے ساتھ ملک بد ترین حالات کا شکار ہے۔مگر ان سب کے باوجود پاکستان کے رفاہی ادارے ’ایدھی فاونڈیشن‘ کا ہندوستان کو کورونا کے خلاف جنگ میں مدد کی پیشکش بالکل بچکانی حرکت لگ رہی ہے۔ پچاس ایمبولینس کی پیشکش کرنے والی تنظیم کےلئے ضروری یہ ہے کہ پہلے پاکستان کی ضرورت کو پورا کرے۔ جہاں سڑکوں پر کتوں کے کاٹنے سے مرنے والوں کی تعداد اتنی بڑھ رہی ہے کہ کتوں کو دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم دیا جاچکا ہے۔ ایدھی فاونڈیشن نے بہت فلاحی کام کیا ہے ،مگر ان حالات میں اس قسم کی پیشکش کو محض ایک زبانی جمع خرچ اور پبلسٹی کا طریقہ ہی کہا جاسکتا ہے۔

ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کی جانب سے کی گئی پیشکش میں ’ایمبولینسوں اور رضاکاروں کی ٹیم انڈیا بھیجنے‘ کا کہا گیا ہے۔ فیصل ایدھی کے مطابق اس مصیبت کی گھڑی میں ایدھی فاونڈیشن اور اس کے رضا کار اپنے پڑوسی ملک کی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، ہندوستانی عوام کی اس مصیبت کے وقت مدد کرنا چاہتے ہیں، اجازت ملنے کی صورت اپنی خصوصی رضا کار ٹیم کے ساتھ انڈیا روانہ ہو جائیں گے۔ یاد رہے کہ ہندوستان میں کورونا کی بگڑتی صورتحال اور ایک دن میں نئے کیسز ریکارڈ سطح پر پہنچ جانے کے بعد اسپتالوں میں آکسیجن اور بیڈز کی شدید قلت نے پریشان کن صورتحال پیدا کر رکھی ہے۔دوسری جانب پاکستان میں سوشل ٹائم لائنز پر بھی ہندوستان میں کورونا وبا کی صورتحال کے باعث افسردگی اور سوگواریت نمایاں ہے۔ متعدد پاکستانی ٹویپس ہندوستان کی موجودہ صورتحال میں وہاں کے مکینوں کو درپیش مشکلات پر اظہار ہمدردری کر رہے ہیں۔

موجودہ حالات میں ایدھی فاونٹیشن کےلئے ضروری ہوگا کہ صرف پاکستان پر توجہ مرکوز رکھے کیونکہ ہندوستان ایک بڑی طاقت ہے جو ایسے حالات سے نپٹنے کا اہل ہے۔