نیویارک: یہ سننے میں عجیب لگ سکتا ہے، لیکن عالمی انسداد ڈوپنگ ایجنسی (واڈا) ایک ایسا اصول نافذ کرنے پر غور کر رہی ہے جس کے تحت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور تمام امریکی سرکاری عہدیداروں کو بڑی بین الاقوامی کھیلوں کی تقریبات میں شرکت سے روکا جا سکتا ہے، چاہے یہ مقابلے امریکہ ہی میں کیوں نہ منعقد ہو رہے ہوں۔
آنے والے برسوں میں امریکہ میں کئی اہم کھیلوں کے مقابلے منعقد ہونے والے ہیں، جن میں اس سال ہونے والا فٹبال ورلڈ کپ، 2028 میں لاس اینجلس میں ہونے والے اولمپک کھیل اور 2034 میں یوٹاہ میں ہونے والے سرمائی کھیل شامل ہیں۔ یہ معاملہ صرف ٹرمپ کی خواہش کا نتیجہ نہیں بلکہ خود واڈا اس میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، جو گزشتہ ایک دہائی کے دوران ٹرمپ اور بائیڈن انتظامیہ اور امریکہ کی انسداد ڈوپنگ ایجنسی کے رویے سے اکثر ناخوش رہا ہے۔
یہ تجویز منگل کو واڈا کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے، جو ان تمام فریقوں کے درمیان برسوں سے جاری بیانات، انتباہات اور کشیدگی کا تازہ اور ممکنہ طور پر سب سے سخت قدم ہے۔ اس تنازع کی بنیادی وجہ امریکی حکومت کی جانب سے واڈا کی سالانہ فیس کی عدم ادائیگی ہے۔ امریکہ نے 2024 اور 2025 کے دوران واڈا کے کئی معاملات سے نمٹنے کے طریقہ کار پر اعتراض کرتے ہوئے مجموعی طور پر 73 لاکھ ڈالر کی ادائیگی روک رکھی ہے۔
ان میں تازہ ترین معاملہ چینی تیراکوں کا ہے، جنہیں ممنوعہ مادہ کے لیے مثبت آنے کے باوجود مقابلوں میں حصہ لینے کی اجازت دی گئی تھی۔ واڈا نے چین کی متعلقہ تنظیموں کی اس وضاحت کو قبول کیا کہ کھلاڑیوں نے یہ مادہ غلطی سے استعمال کیا تھا۔
واڈا کے ترجمان جیمز فٹزجیرالڈ نے کہا کہ اگر یہ اصول منظور ہو جاتا ہے تو اسے ’’ماضی پر لاگو نہیں کیا جائے گا‘‘، اس لیے ورلڈ کپ، لاس اینجلس اولمپکس اور ساؤتھ کیرولائنا میں ہونے والے سرمائی کھیل اس کے دائرے میں نہیں آئیں گے۔ تاہم، ایسوسی ایٹڈ پریس کے پاس موجود تجویز کی نقل میں اس بات کا کوئی واضح ذکر نہیں ہے۔
اولمپکس اور ورلڈ کپ جیسے بڑے بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کے لیے تمام متعلقہ افراد کو واڈا کے قواعد کی پابندی کا عہد کرنا ہوتا ہے، چاہے وہ قواعد براہ راست ڈوپنگ سے متعلق ہوں یا انتظامی امور سے، جیسا کہ اس تجویز میں شامل ہے۔ اقوام متحدہ کی تعلیمی، سائنسی و ثقافتی تنظیم (یونیسکو) کے ساتھ ہونے والے معاہدے کے تحت حکومتوں پر بھی واڈا کے اصولوں کی پابندی لازم ہے۔
اس معاہدے میں فیس کی ادائیگی اور قواعد کی پاسداری شامل ہے۔ بائیڈن انتظامیہ میں ڈوپنگ امور کے سربراہ رہنے والے راہول گپتا اور ان کی جانشین سارا کارٹر نے اس تجویز کو ’’مضحکہ خیز‘‘ قرار دیا ہے۔ گپتا نے کہا، یہ حکومت کی ذمہ داری ہے، واڈا کی نہیں۔ واضح ہے کہ واڈا ایک ایسا نظام نافذ کرنا چاہتا ہے جو کسی بھی حکومت، خاص طور پر میزبان حکومت کے معاملات میں مداخلت کرتا ہے، اور یہ ہر حکومت کے لیے تشویش کا باعث ہوگا۔