ووٹـر ادھیکار یاترا: راہل گاندھی کو وزیراعظم بنائیں گے : تیجسوی یادو

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 19-08-2025
ووٹـر ادھیکار یاترا: راہل گاندھی کو وزیراعظم بنائیں گے : تیجسوی یادو
ووٹـر ادھیکار یاترا: راہل گاندھی کو وزیراعظم بنائیں گے : تیجسوی یادو

 



نوادہ: ووٹروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے نکالی گئی ’ووٹـر ادھیکار یاترا‘ کے تحت کانگریس لیڈر راہل گاندھی اور بہار کے قائد حزبِ اختلاف تیجسوی یادو نے منگل کو ضلع نوادہ میں زبردست عوامی رابطہ مہم چلائی۔ یاترا جیسے ہی گیا-نوادہ سرحد کے تُنگی علاقے سے داخل ہوئی، کانگریس کی رکن اسمبلی نیتو کماری کی قیادت میں ان کا پُرجوش خیرمقدم کیا گیا۔

یہ یاترا ہسوا، نوادہ اور وارث علی گنج سے گزرتے ہوئے ہزاروں لوگوں کے ساتھ آگے بڑھی۔ نوادہ کے بھگت سنگھ چوک پر منعقدہ جلسے میں سب سے پہلے تیجسوی یادو نے بی جے پی پر زبردست حملہ کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ جو لوگ زندہ ہیں، انہیں مردہ قرار دے دیا گیا ہے۔ انہوں نے اپنی حکومت بننے پر نوجوانوں کے لیے روزگار، مفت بجلی، ڈومیسائل پالیسی اور ایک نیا کمیشن بنانے جیسے وعدوں کو دہرایا۔

تیجسوی نے دعویٰ کیا کہ آنے والے لوک سبھا انتخابات میں راہل گاندھی کو ملک کا وزیرِاعظم بنایا جائے گا۔ ساتھ ہی انہوں نے وزیراعلیٰ نتیش کمار پر بھی نشانہ سادہ اور کہا کہ وہ ہماری اسکیموں کی نقل کر رہے ہیں۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے مرکز کی مودی حکومت اور الیکشن کمیشن پر سنگین الزامات عائد کیے۔

انہوں نے کہا کہ ’’الیکشن کمیشن ایس آئی آر (SIR) کے نام پر غریبوں کا ووٹ چرا رہا ہے اور لاکھوں ووٹروں کے نام فہرست سے نکال دیے گئے ہیں۔‘‘ انہوں نے ایک مقامی کسان کی مثال دیتے ہوئے کہا: ایک زندہ اور فعال ووٹر کو مردہ قرار دے دیا گیا ہے۔

راہل نے عوام سے سوال کیا: کیا آپ کو لگتا ہے کہ ووٹ کی چوری ہو رہی ہے؟ جس پر عوام نے زور دار آواز میں ہاں کہہ کر حمایت ظاہر کی۔ انہوں نے مزید الزام لگایا کہ بی جے پی اور الیکشن کمیشن کی ملی بھگت سے جمہوریت کو کمزور کیا جا رہا ہے۔ یہ ووٹـر ادھیکار یاترا بہار میں ووٹروں کو بیدار کرنے اور انتخابی عمل میں شفافیت کے مطالبے کے لیے نکالی گئی ہے۔