ہنوئی: ویتنام کے فو کووک جزیرے کے قریب ہفتہ کے روز بھارتی سیاحوں کو لے جانے والی ایک کشتی الٹ گئی۔ ہنوئی میں ہندوستانی سفارت خانے نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تلاش اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ سفارت خانے کے مطابق مقامی حکام واقعے کی مکمل تفصیلات معلوم کرنے میں مصروف ہیں، جبکہ متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے ہنوئی میں ہندوستانی سفارت خانے اور ہو چی منہ سٹی میں ہندوستانی قونصل خانے میں کنٹرول روم قائم کر دیے گئے ہیں۔
ہندوستانی سفارت خانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا، "ایک افسوسناک واقعے میں ویتنام کے فو کووک جزیرے کے قریب کئی بھارتی سیاحوں کو لے جانے والی ایک کشتی الٹ گئی ہے۔" فو کووک کے خصوصی اقتصادی زون کے حکام کے مطابق دوپہر تقریباً ایک بجے اوشن پیئر آئی لینڈ کمپنی کی ایک اسپیڈ بوٹ سیاحوں کو ہون مے روٹ سے این تھوئی بندرگاہ لے جا رہی تھی۔ یہ مقام فو کووک ہوائی اڈے سے تقریباً 25 کلومیٹر دور ہے۔
راستے میں ہون مے روٹ نگوئی کے قریب تقریباً 499 میٹر کے فاصلے پر اسپیڈ بوٹ الٹ گئی، جس کے نتیجے میں اس میں سوار تمام افراد سمندر میں جا گرے۔ قریب موجود سیاحتی کشتیوں نے فوری طور پر امدادی کارروائی شروع کر دی۔ ریسکیو میں شریک ایک کشتی کے مالک نے بتایا کہ ان کی کشتی صرف پانچ منٹ میں جائے حادثہ پر پہنچ گئی، تاہم کئی افراد کشتی کے اندر پھنس جانے کی وجہ سے امدادی کارروائی میں مشکلات پیش آئیں۔
انہوں نے بتایا کہ بہت کم لوگ ہوش میں تھے۔ اس وقت بارش نہیں ہو رہی تھی، تاہم سمندر میں لہریں بہت تیز تھیں اور دیگر سیاحتی کشتیاں بھی معمول کے مطابق چل رہی تھیں۔ این تھوئی بارڈر گارڈ نے جائے حادثہ پر دو بحری جہاز، 35 افسران اور اہلکار روانہ کیے، جنہوں نے بحریہ، کوسٹ گارڈ اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر امدادی کارروائی میں حصہ لیا۔ حکام کے مطابق اسپیڈ بوٹ میں کل 36 افراد سوار تھے۔
امدادی ٹیموں نے تمام افراد کو ساحل تک پہنچا دیا، جن میں 21 افراد کو زندہ بچا لیا گیا، جبکہ 15 افراد جاں بحق ہو گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں دو خواتین اور 13 مرد شامل ہیں۔ ہندوستانی سفارت خانے نے متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے ہو چی منہ سٹی میں قائم کنٹرول روم کے ہیلپ لائن نمبر جاری کیے ہیں: +84 36 281 7930 +84 91 552 37 14 +84 33 452 0414 ہنوئی میں قائم کنٹرول روم سے +84 91 308 9165 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ سفارت خانے نے کہا ہے کہ متاثرہ افراد اور ان کے اہل خانہ کی ہر ممکن مدد کے لیے وہ ہر وقت دستیاب ہے۔