اقوامِ متحدہ: اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے امریکہ اور وینزویلا کے درمیان کشیدگی میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے، جو بالآخر وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کی گرفتاری پر منتج ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ یہ پیش رفت ایک ’’خطرناک نظیر‘‘ قائم کرتی ہے۔ ہفتہ کے روز ان کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ سیکریٹری جنرل ’’وینزویلا میں حالیہ کشیدگی پر نہایت تشویش میں مبتلا ہیں، جو آج ملک میں امریکی فوجی کارروائی پر ختم ہوئی، اور جس کے خطے کے لیے ممکنہ طور پر تشویشناک نتائج برآمد ہو سکتے ہیں‘‘۔
گوتریس نے کہا کہ وینزویلا کی اندرونی صورتحال سے قطع نظر، ’’یہ پیش رفت ایک خطرناک مثال قائم کرتی ہے‘‘ اور انہوں نے اس بات پر بھی گہری تشویش ظاہر کی کہ ’’بین الاقوامی قانون کے اصولوں کا احترام نہیں کیا گیا‘‘۔ نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ پر نیویارک میں وفاقی حکام کی جانب سے نارکو ٹیررازم اور امریکہ کے خلاف تباہ کن ہتھیار رکھنے کی سازش کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
ایک غیر معمولی پیش رفت میں، صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ہفتہ کی علی الصبح اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اعلان کیا کہ امریکہ نے وینزویلا اور صدر مادورو کے خلاف ’’بڑے پیمانے پر‘‘ کارروائی ’’کامیابی سے‘‘ انجام دی ہے، اور مادورو کو ان کی اہلیہ سمیت گرفتار کر کے ملک سے باہر منتقل کر دیا گیا ہے۔ ٹرمپ کے مطابق یہ آپریشن امریکی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے انجام دیا گیا۔
امریکی اٹارنی جنرل پام بونڈی نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں کہا کہ مادورو اور ان کی اہلیہ سیلیا فلورس پر نیویارک کے جنوبی ضلع کی عدالت میں فردِ جرم عائد کی گئی ہے۔ مادورو پر نارکو ٹیررازم کی سازش، کوکین اسمگلنگ کی سازش، مشین گنوں اور تباہ کن آلات رکھنے، اور امریکہ کے خلاف مشین گنوں و تباہ کن آلات کے استعمال کی سازش جیسے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
پام بونڈی نے کہا، ’’وہ جلد ہی امریکی سرزمین پر امریکی عدالتوں میں امریکی انصاف کی پوری قوت کا سامنا کریں گے۔‘‘ انہوں نے امریکی عوام کی جانب سے جوابدہی کا مطالبہ کرنے پر صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا اور ان ’’بہادر فوجیوں‘‘ کی بھی تعریف کی جنہوں نے ’’ان دو مبینہ بین الاقوامی نارکو اسمگلرز کو گرفتار کرنے کا شاندار اور نہایت کامیاب مشن‘‘ انجام دیا۔
انتونیو گوتریس نے ایک بار پھر تمام فریقین کی جانب سے بین الاقوامی قانون، بشمول اقوامِ متحدہ کے چارٹر، کے مکمل احترام کی اہمیت پر زور دیا۔ بیان میں کہا گیا، ’’سیکریٹری جنرل وینزویلا میں تمام فریقین سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ انسانی حقوق اور قانون کی حکمرانی کا مکمل احترام کرتے ہوئے جامع مکالمے میں شامل ہوں۔
اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ وولکر ترک نے بھی وینزویلا میں امریکی مداخلت پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ وولکر ترک نے ایکس پر کہا، ہم سب سے ضبطِ نفس اختیار کرنے اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے قانون کا مکمل احترام کرنے کی اپیل کرتے ہیں۔ وینزویلا کے عوام کا تحفظ سب سے اہم ہے اور آئندہ کسی بھی اقدام میں یہی رہنمائی فراہم کرے۔