امریکہ: ایف بی آئی کے آفس میں درانداز ہلاک

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | 1 Years ago
امریکہ: ایف بی آئی کے آفس میں درانداز ہلاک
امریکہ: ایف بی آئی کے آفس میں درانداز ہلاک

 

 

نیویارک؛: اوہائیو کے شہر سنسیناٹی کے حکام نے بتایا ہے کہ پولیس نے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف بی آئی) کے دفتر میں گھسنے کی کوشش کرنے والے ایک شخص کو گولی مار کر ہلاک کر دیا ہے۔ 

واقعہ جمعرات کو علی الصبح پیش آیا جب مشتبہ شخص نے ایف بی آئی کی وزیٹر سکریننگ والی عمارت میں داخل ہونے کی ناکام کوشش کی۔ ایف بی آئی نے بتایا کہ اس کے بعد وہ ایک سفید گاڑی میں علاقے سے فرار ہو گیا اور انٹراسٹیٹ 71 پر شمال کی طرف جا رہا تھا۔

اوہائیو سٹیٹ ہائی وے پیٹرول کے ترجمان ناتھن ڈینس نے ایک نیوز بریفنگ میں بتایا کہ اس کا پیچھا کیا گیا اور مشتبہ شخص نے اپنے ہتھیار سے ایک فوجی پر فائر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ بالآخر گاڑی کلنٹن کاؤنٹی میں رک گئی اور مشتبہ شخص اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، کافی دیر تک فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہا اور اس کے ابتدائی حملے کے چھ گھنٹے بعد مشتبہ شخص کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔

ناتھن ڈینس نے کہا: ’آج دن بھر قانون نافذ کرنے والے افسران نے مشتبہ شخص کے ساتھ مذاکرات کی کوشش کی۔ ایک وقت کے بعد مذاکرات ناکام ہو گئے۔‘ انہوں نے کہا: ’اس کے بعد مشتبہ شخص نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب آتشیں اسلحہ اٹھایا اور موقعے پر موجود قانون نافذ کرنے والے افسران نے گولیاں چلائیں، جس سے مشتبہ شخص جائے وقوعہ پر ہلاک ہوگیا اور کوئی پولیس اہلکار زخمی نہیں ہوا۔

پولیس نے ابھی تک مشتبہ شخص کی شناخت ظاہر نہیں کی اور نیوز بریفنگ کے دوران اس شخص کے مقصد کے حوالے سے بھی کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز اور چینل این بی سی نیوز نے بے نام ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت 42 سالہ رکی شفر کے نام سے کی ہے۔ اسی نام کے ایک شخص نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بنائے گئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اس حملے سے متعلق خبردار کیا تھا۔

این بی سی نیوز نے اس معاملے سے واقف دو عہدیداروں کا نام ظاہر نہ کرتے ہوئے بتایا کہ مشتبہ شخص چھ جنوری 2021 کو ٹرمپ کے حامیوں کے حملے کے دوران واشنگٹن میں کیپٹل ہل کی عمارت میں موجود تھا۔ نیویارک ٹائمز نے اس معاملے سے واقف قانون نافذ کرنے والے دو عہدیداروں کا حوالہ دیتے ہوئے خبر دی ہے کہ تفتیش کار اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ آیا اس شخص کے انتہا پسند گروپوں سے تعلقات ہیں یا نہیں۔

سابق امریکی صدر کے ایف بی آئی کے ساتھ کچھ مسائل کی وجہ سے ٹرمپ کے کچھ حامی ایجنسی کے خلاف نظر آتے ہیں۔ ان مسائل میں 2016 کی صدارتی مہم میں روس کی جانب سے حمایت اور پیر کو فلوریڈا میں ان کے گھر پر عدالتی حکم پر چھاپے کے واقعات شامل ہیں۔

جب سے ایف بی آئی کے ایجنٹوں نے فلوریڈا میں ڈونلڈ ٹرمپ کے گھر کی تلاشی لی ہے، اس وقت سے ایف بی آئی کو آن لائن دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کرسٹوفر رائے نے جمعرات کے واقعات کے بعد ایک بیان جاری کیا، جس میں ’ایف بی آئی کی سالمیت پر بے بنیاد حملوں‘ کی مذمت کی گئی۔