امریکہ: باپ نے فائرنگ ,سات بچوں سمیت آٹھ ہلاک

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 20-04-2026
امریکہ: باپ نے فائرنگ ,سات بچوں سمیت آٹھ ہلاک
امریکہ: باپ نے فائرنگ ,سات بچوں سمیت آٹھ ہلاک

 



نیویارک: امریکی ریاست لوئیزیانا میں پولیس کے مطابق ایک شخص نے اتوار کی صبح گھریلو جھگڑے کے دوران فائرنگ کر کے آٹھ بچوں کو قتل کر دیا جن میں سے سات اس کے اپنے بچے تھے۔

گن وائلنس آرکائیو کے اعداد و شمار کے مطابق شریوپورٹ شہر میں ایک گھر میں پیش آنے والا یہ دل دہلا دینے والا واقعہ گزشتہ دو برس سے زائد عرصے میں امریکہ کی مہلک ترین اجتماعی فائرنگ میں شمار ہو رہا ہے۔

فائرنگ کے نتیجے میں دو خواتین بھی شدید زخمی ہوئیں جن میں بچوں کی والدہ بھی شامل ہیں تاہم فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ کتنے بچے ان کے تھے۔

پولیس نے حملہ آور کی شناخت 31 سالہ شمر ایلکنز کے نام سے کی ہے جو واردات کے بعد ایک چھینی گئی گاڑی میں فرار ہو گیا تھا لیکن بعد میں پولیس کے تعاقب کے دوران اسے گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔

پولیس کے کارپورل کرس بورڈی لون کے مطابق تعاقب کے اختتام پر ملزم گاڑی سے اسلحہ لے کر باہر نکلا جس پر پولیس کو کارروائی کرنا پڑی۔

موقع پر موجود افراد کے مطابق دو منزلہ چھوٹے گھر کے دروازے پر گولیوں کے نشانات واضح تھے جبکہ قریب ہی تعزیت کے طور پر پھول رکھے گئے تھے۔

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے بچوں کی عمریں تقریباً ڈیڑھ سال سے 12 سال تک تھیں اور آٹھ میں سے سات بچے حملہ آور کے اپنے تھے۔

حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں جبکہ اسے بظاہر گھریلو تنازع کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم کو 2019 میں اسلحہ رکھنے کے ایک مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا جس میں اس نے جرم قبول کیا تھا تاہم اس کے ماضی میں گھریلو تشدد کے دیگر واقعات سامنے نہیں آئے۔

متاثرین اور حملہ آور سے متعلق مزید معلومات قریبی رشتہ داروں کو اطلاع دینے کے بعد جاری کی جائیں گی۔

شہر کے میئر ٹام آرسینو نے اس واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سانحہ اس لیے بھی زیادہ دردناک ہے کیونکہ اس میں زیادہ تر متاثرین بچے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ دنیا میں برائی اب بھی موجود ہے اور ہمیں اس کے خلاف مل کر اچھائی کو فروغ دینا ہوگا۔

میئر کے مطابق حملہ آور نے ایک دوسرے گھر کا بھی رخ کیا جہاں نو بچے موجود تھے جن میں سے ایک بچہ زندہ بچ گیا اور اسے معمولی زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق زخمی ہونے والی دونوں خواتین کو سر میں گولیاں لگیں۔

پولیس کے مطابق ایک زخمی خاتون نے پڑوسی کو خبردار کیا جس نے صبح سویرے ہنگامی نمبر پر کال کر کے حکام کو اطلاع دی۔

لوئیزیانا سے تعلق رکھنے والے امریکی سینیٹر بل کیسڈی نے اس واقعے کو ہولناک تشدد قرار دیتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

ریاست کے گورنر جیف لینڈری نے اس سانحے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا جبکہ امریکی ایوان نمائندگان کے اسپیکر مائیک جانسن نے اسے بے معنی اور افسوسناک واقعہ قرار دیا۔

میئر آرسینو نے کہا کہ یہ شریوپورٹ کے لیے ایک غمگین دن ہے اور پوری کمیونٹی متاثرین کے ساتھ سوگ میں شریک ہے۔

امریکہ میں جہاں اسلحہ آسانی سے دستیاب ہے فائرنگ کے واقعات عام ہیں اور ہر سال ہزاروں افراد اس کا نشانہ بنتے ہیں جبکہ ترقی یافتہ ممالک کے مقابلے میں گن سے ہونے والی اموات کی شرح یہاں سب سے زیادہ ہے۔