نئی دہلی
امریکہ کے وزیرِ خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے جمعہ کے روز کہا کہ سمندر میں موجود روسی تیل اور پیٹرولیم مصنوعات کی خریداری کی اجازت دینے والی چھوٹ کی مدت بڑھانے کا امریکہ کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔بیسنٹ نے یہ بھی واضح کیا کہ سمندر میں موجود ایرانی تیل کے لیے دی گئی ایک وقتی چھوٹ کو آگے بڑھانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
انہوں نے ایسوسی ایٹڈ پریس سے بات کرتے ہوئے کہاکہ ایرانیوں کے لیے کوئی چھوٹ نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے ناکہ بندی کر رکھی ہے اور وہاں سے کوئی تیل باہر نہیں جا رہا۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں لگتا ہے کہ اگلے دو سے تین دن میں انہیں پیداوار بند کرنا پڑے گی، جو ان کے تیل کے کنوؤں کے لیے انتہائی نقصان دہ ہوگا۔ بیسنٹ کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ایران کے خلاف امریکہ-اسرائیل جنگ کے خدشات پر دنیا بھر میں تشویش پائی جا رہی ہے اور آبنائے ہرمز کی ممکنہ بندش کے باعث عالمی توانائی منڈیوں میں بحران پیدا ہو رہا ہے۔
امریکہ نے خام تیل کی قیمت 100 امریکی ڈالر فی بیرل سے تجاوز کرنے کے بعد عالمی توانائی منڈی کو مستحکم رکھنے کے مقصد سے مارچ میں روسی تیل اور پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت کے لیے چھوٹ دی تھی۔
اس کے بعد بیسنٹ نے وائٹ ہاؤس (امریکی صدر کی سرکاری رہائش گاہ اور دفتر) میں کہا تھا کہ وہ پابندیوں میں دی گئی اس رعایت کی مدت بڑھانے کا ارادہ نہیں رکھتے، لیکن صرف دو دن بعد ہی وزارتِ خزانہ نے اس چھوٹ کی مدت میں توسیع کر دی تھی۔
وزیرِ خزانہ نے عالمی توانائی منڈی پر امریکہ-اسرائیل جنگ کے اثرات اور دیگر امور پر ایسوسی ایٹڈ پریس کو دیے گئے انٹرویو میں اپنے مؤقف میں پہلے آنے والی تبدیلی کی وجہ بھی بیان کی۔