یوکرین کو مزید اسلحے دیگا امریکہ

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 08-07-2025
یوکرین کو مزید اسلحے دیگا امریکہ
یوکرین کو مزید اسلحے دیگا امریکہ

 



واشنگٹن: امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے یوکرین کو اسلحہ فراہم کرنے کے احکامات عارضی طور پر روکنے کے چند ہی دن بعد اعلان کیا ہے کہ امریکہ اب کی‌یف کو مزید ہتھیار بھیجے گا۔ ان کا یہ بیان پینٹاگون (امریکی وزارت دفاع کا صدر دفتر) کی پچھلے ہفتے کی گئی اُس اعلان کے بعد آیا ہے، جس میں کہا گیا تھا کہ وہ یوکرین کو فضائی حملوں سے بچاؤ کے لیے استعمال ہونے والے میزائل اور درست نشانے والی توپوں جیسے کچھ ہتھیاروں کی فراہمی فی الحال روک رہا ہے۔

یہ فیصلہ اس خدشے کے تحت لیا گیا تھا کہ کہیں امریکہ کا اپنا اسلحہ ذخیرہ خطرناک حد تک کم نہ ہو جائے۔ یوکرین کو مزید ہتھیار بھیجنے کے سوال پر ٹرمپ نے صحافیوں سے کہا: ’’ہمیں یہ کرنا ہی ہوگا۔ انہیں اپنی حفاظت کے قابل ہونا چاہیے۔‘‘ پینٹاگون نے پیر کی رات دیر گئے تصدیق کی کہ صدر ٹرمپ کی ہدایت پر یوکرین کو اسلحے کی فراہمی دوبارہ شروع کی جا رہی ہے تاکہ وہ ’’اپنا دفاع کر سکیں، جبکہ امریکہ ایک پائیدار امن کے قیام اور تشدد روکنے کے لیے کام کر رہا ہے۔

تاہم، پینٹاگون کے ترجمان سین پارنیل نے یہ بھی کہا کہ صدر ٹرمپ دنیا بھر میں فوجی وسائل کی فراہمی کا جائزہ لے رہے ہیں، جو ان کی ’’امریکہ فرسٹ‘‘ دفاعی پالیسی کا حصہ ہے۔ یوکرین میں پیر کو حکام نے بتایا کہ روس کے کی‌یف پر حملوں میں کم از کم 11 عام شہری ہلاک اور سات بچوں سمیت 80 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔

روس نے حالیہ دنوں میں یوکرین کے غیر فوجی علاقوں پر فضائی حملوں میں شدت پیدا کر دی ہے۔ یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے پیر کو کہا کہ پچھلے ہفتے روس نے یوکرین پر تقریباً 1,270 ڈرون، 39 میزائل اور تقریباً 1,000 طاقتور گلائیڈ بم داغے۔