دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکہ کی ہندوستان کو حمایت

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 11-06-2025
دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکہ کی ہندوستان کو حمایت
دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکہ کی ہندوستان کو حمایت

 



واشنگٹن/ آواز دی وائس
امریکہ کے محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ گزشتہ ہفتے ہندوستانی آل پارٹی پارلیمانی وفد کے دورہ کے دوران، امریکہ نے دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کی جدوجہد اور دو طرفہ اسٹریٹیجک شراکت داری کے لیے اپنے مضبوط حمایت کی تصدیق کی۔
کانگریس کے ممبر پارلیمان ششی تھرور کی قیادت میں یہ کثیر الجماعتی وفد واشنگٹن میں امریکی نائب وزیر خارجہ کرسٹوفر لینڈاؤ سے ملا۔ محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے منگل کو ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ لینڈاؤ نے دہشت گردی کے خلاف لڑائی اور ہندوستان-امریکہ کے درمیان اسٹریٹیجک شراکت داری کے لیے امریکہ کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
یہ دورہ "آپریشن سیندور" کے بعد حکومت ہند کے عالمی رابطہ اقدامات کا حصہ تھا۔ ہندوستان نے 22 اپریل کو پہلگام میں ہونے والے دہشت گرد حملے کے جواب میں "آپریشن سیندور" شروع کیا تھا۔
ایک سوال کے جواب میں بروس نے بتایا کہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستانی پارلیمانی وفد نے بھی گزشتہ ہفتے واشنگٹن کا دورہ کیا اور محکمہ خارجہ کے حکام سے ملاقات کی، جن میں سیاسی امور کی نائب وزیر ایلیسن ہوکر شامل تھیں۔
ہوکر نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جاری تنازع کے خاتمے کے لیے امریکہ کی حمایت کا اعادہ کیا۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا امریکہ کو پاکستان سے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا کوئی یقین دہانی ملی ہے، تو بروس نے کہا کہ وہ ان بات چیت کی تفصیلات پر تبصرہ نہیں کریں گی۔
صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش سے متعلق سوال پر بروس نے کہا کہ میں صدر کے ذہن یا منصوبوں پر بات نہیں کر سکتی۔ لیکن میں یہ جانتی ہوں کہ صدر ٹرمپ کے ہر قدم کا مقصد یہ ہوتا ہے کہ ملکوں کے درمیان نسلوں پرانے اختلافات یا لڑائیوں کو ختم کیا جا سکے۔
ہندوستان نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ جموں و کشمیر اور لداخ ہمیشہ ہندوستان کا اٹوٹ انگ رہے ہیں اور رہیں گے، اور اس معاملے پر کسی بھی ثالثی کو وہ قبول نہیں کرے گا۔