روسی تیل پر امریکی سینیٹ کا سخت بل

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 17-07-2026
روسی تیل پر امریکی سینیٹ کا سخت بل
روسی تیل پر امریکی سینیٹ کا سخت بل

 



نئی دہلی: امریکی کانگریس کے ایوانِ بالا (سینیٹ) میں 60 سے زائد سینیٹروں کی حمایت سے ایک نیا بل پیش کیا گیا ہے، جس میں روسی تیل خریدنے پر ہندوستان، چین سمیت پانچ ممالک پر 100 فیصد درآمدی محصول (ٹیرف) عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

تاہم، اس بل میں روسی قدرتی گیس خریدنے والے یورپی ممالک کو استثنا دیا گیا ہے۔ جمعرات کو سینیٹ میں پیش کیے گئے اس بل کا مسودہ ڈیموکریٹک پارٹی کے سینیٹر رچرڈ بلومینتھل اور ریپبلکن پارٹی کے مرحوم سینیٹر لنڈسے گراہم نے مشترکہ طور پر تیار کیا تھا۔ اس بل کا مقصد روسی سیاسی قیادت، مالیاتی اداروں، توانائی کے شعبے اور پابندیوں سے بچنے میں مدد دینے والے نیٹ ورک پر لازمی پابندیاں عائد کرکے روسی صدر ولادیمیر پوتن کو یوکرین کے خلاف جنگ کے لیے استعمال ہونے والی آمدنی سے محروم کرنا ہے۔

بلومینتھل نے منگل کو کہا تھا کہ مجوزہ قانون کا مقصد روسی تیل کے پانچ بڑے خریداروں، یعنی چین، ہندوستان، سلوواکیہ، ہنگری اور آذربائیجان پر 100 فیصد ٹیرف عائد کرنا ہے۔ جمعرات کو سینیٹ میں پیش کیے گئے بل میں ان ممالک سے درآمدات پر بھی 100 فیصد محصول عائد کرنے کی تجویز شامل ہے جو روسی خام تیل یا قدرتی گیس کے دنیا کے پانچ بڑے خریدار ہیں، یا روسی تیل پر عائد پابندیوں سے بچنے میں مدد دینے والے سرفہرست پانچ ممالک میں شمار ہوتے ہیں۔

اس بل میں بیشتر یورپی ممالک کو رعایت دی گئی ہے، بشرطیکہ وہ روس کی مجموعی قدرتی گیس برآمدات کا 15 فیصد سے کم درآمد کرتے ہوں اور اس درآمد کو مزید کم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہے ہوں۔ بل کے مطابق امریکی تجارتی نمائندہ ہر 180 دن بعد روسی تیل اور گیس کے سب سے بڑے پانچ خریدار ممالک کا جائزہ لے گا اور خریداری کے رجحانات میں تبدیلی کی بنیاد پر ٹیرف کی شرح میں بھی رد و بدل کر سکے گا۔