امریکہ ایران پر حملوں کے لیے ہندوستانی بندرگاہوں کا استعمال نہیں کر رہا: ایم ای اے

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 05-03-2026
امریکہ ایران پر حملوں کے لیے ہندوستانی بندرگاہوں کا استعمال نہیں کر رہا: ایم ای اے
امریکہ ایران پر حملوں کے لیے ہندوستانی بندرگاہوں کا استعمال نہیں کر رہا: ایم ای اے

 



نئی دہلی
ایران کے ساتھ اسرائیل اور امریکہ کی جنگ جمعرات کو چھٹے دن بھی جاری ہے۔ ناٹو ممالک امریکہ کا ساتھ دے رہے ہیں، جبکہ چین کھل کر ایران کی حمایت میں سامنے آ گیا ہے۔ اسی دوران ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ امریکہ ایران پر حملوں کے لیے ہندوستانی بندرگاہوں کا استعمال کر رہا ہے۔ تاہم ہندوستان نے فیکٹ چیک میں اس رپورٹ کے دعووں کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے اور انہیں بے بنیاد قرار دیا ہے۔
امریکی فوج کے سابق کرنل ڈگلس میکگریگر نے امریکہ کے نیوز چینل “ون امریکہ نیوز نیٹ ورک” کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا تھا كہ ایران کے خلاف جنگ میں امریکہ ہندوستانی بحری اڈوں کا استعمال کر رہا ہے۔ ہمارے تمام اڈے تباہ ہو چکے ہیں۔ ہماری بندرگاہیں مکمل طور پر برباد ہو گئی ہیں۔ ہمیں ہندوستانی بندرگاہوں پر انحصار کرنا پڑ رہا ہے، جو کہ مثالی صورتحال نہیں ہے۔ یہ بات امریکی بحریہ کہہ رہی ہے۔
اس بیان کے بعد ہندوستان کی وزارت خارجہ کی جانب سے ردِعمل سامنے آیا ہے۔ وزارت خارجہ کے فیکٹ چیک اکاؤنٹ نے کہا کہ  او اے این پر کیے جا رہے دعوے جعلی اور سراسر جھوٹے ہیں۔
جعلی دعووں سے ہوشیار رہنے کی اپیل
ہندوستان کی وزارت خارجہ نے اپنے فیکٹ چیک اکاؤنٹ کے ذریعے واضح کیا کہ او اے این پر کیے گئے یہ دعوے من گھڑت اور بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ اس طرح کے جھوٹے اور غیر مصدقہ بیانات سے محتاط رہیں۔ وزارت خارجہ نے یہ بات سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ کے ذریعے کہی۔
ہندوستان نے مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازع پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے تمام فریقوں سے تحمل برتنے، کشیدگی کو بڑھنے سے روکنے اور عام شہریوں کی حفاظت کو اولین ترجیح دینے کی اپیل بھی کی ہے۔
امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی
امریکہ اور اسرائیل نے ایران پر ہفتہ کے روز سے مشترکہ حملے شروع کیے تھے، جو جمعرات کو چھٹے دن بھی جاری ہیں۔ مشرقِ وسطیٰ میں صورتحال انتہائی کشیدہ ہو چکی ہے۔ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے مارے جانے کی خبر بھی سامنے آئی ہے۔ دوسری جانب ایران بھی جوابی کارروائی سے پیچھے نہیں ہٹ رہا اور اسرائیل کے ساتھ ساتھ خلیجی ممالک میں موجود امریکی فوجی اڈوں پر میزائل داغ رہا ہے۔
منگل کی رات ایک امریکی آبدوز سے بحرِ ہند میں داغے گئے ٹارپیڈو نے ایک ایرانی جنگی جہاز کو ڈبو دیا، جس میں 87 افراد کے ہلاک ہونے کی خبر ہے۔ “آئی آر آئی ایس” نامی یہ جنگی جہاز ہندوستان سے واپس لوٹ رہا تھا کہ اسی دوران اس پر حملہ کر دیا گیا۔ دوسری جنگ عظیم کے بعد یہ پہلا موقع بتایا جا رہا ہے جب کسی امریکی آبدوز نے کسی سطحی جنگی جہاز کو نشانہ بنایا ہے۔