امریکہ ،اسرائیل کا ایران پر حملہ

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 28-02-2026
امریکہ ،اسرائیل کا ایران پر حملہ
امریکہ ،اسرائیل کا ایران پر حملہ

 



دبئی: عینی شاہدین نے دعویٰ کیا ہے کہ ہفتہ کے روز ایران کے دارالحکومت تہران میں ایک زور دار دھماکہ سنا گیا۔ واقعے کے فوراً بعد ایرانی حکومت کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔ یہ دھماکہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب ایران کے جوہری پروگرام کے معاملے پر ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی عروج پر ہے۔

رپورٹس کے مطابق ایران کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران امریکہ اور اسرائیل نے مبینہ طور پر تہران پر وسیع حملے شروع کر دیے ہیں۔ ایران کے مختلف مقامات کو نشانہ بنایا گیا جبکہ تہران میں متعدد زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے کی ویڈیو بھی جاری کیے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

اسرائیلی فوج نے ایران کی طرف کئی راکٹ داغے ہیں۔ اے پی کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل میں سائرن بجائے جا رہے ہیں کیونکہ میزائل حملوں کے خدشے کے پیش نظر انتباہ جاری کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تہران کے ڈاؤن ٹاؤن علاقے میں دھماکہ ہوا اور آسمان کی طرف گھنا دھواں اٹھتا دیکھا گیا۔

اسرائیل نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔ اسرائیل نے ایران کے خلاف پیشگی (پری ایمپٹو) حملہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اسرائیل کے وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے ایک بیان میں پورے ملک میں "خصوصی اور مستقل ہنگامی حالت" نافذ کرنے کا اعلان کیا۔ پیشگی حملہ ایسی عسکری کارروائی کو کہا جاتا ہے جو دشمن کی جانب سے ممکنہ حملے کے خدشے کے پیش نظر پہلے ہی کر دی جائے تاکہ خطرے کو کم کیا جا سکے یا اپنی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔

اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے کے بعد ملک بھر میں ہنگامی اقدامات نافذ کر دیے گئے ہیں۔ سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر پورے اسرائیل میں تعلیمی ادارے عارضی طور پر بند کر دیے گئے ہیں، جبکہ فضائی حدود بھی فوری طور پر معطل کر کے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایئرپورٹس کا رخ نہ کریں۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے موجودہ صورتحال پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ جاری مذاکرات سے مطمئن نہیں ہیں، جس سے خطے میں سفارتی کشیدگی مزید بڑھنے کا اشارہ ملتا ہے۔ علاقائی کشیدگی کے تناظر میں قطر میں قائم امریکی سفارتخانے نے بھی احتیاطی اقدامات کرتے ہوئے اپنے عملے کو شیلٹر میں منتقل ہونے کی ہدایت جاری کی ہے۔

سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں قطر میں مقیم امریکی شہریوں کو بھی اگلے احکامات تک محفوظ مقامات پر رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ ادھر مقبوضہ بیت المقدس میں خطرے کے سائرن بجنے کی اطلاعات ہیں، جس کے بعد شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور ہنگامی سروسز کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔