مسقط: عمان نے جمعہ کے روز تہران کے جوہری پروگرام سے متعلق ایران اور امریکہ کے درمیان بالواسطہ مذاکرات میں ثالثی کی۔ عمان کی وزارتِ خارجہ نے ایک بیان میں یہ جانکاری دی۔ حکام کے مطابق، ایران اور امریکہ کے مذاکرات کاروں کے قافلے عمان کے اعلیٰ سفارتکار سے الگ الگ ملاقاتوں کے لیے مسقط پہنچے۔
تاہم، اس پیش رفت پر تاحال امریکہ اور ایران کی جانب سے کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا ہے۔ خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے نمائندوں نے ایرانی حکام کو مسقط کے مضافاتی علاقے میں واقع بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب ایک محل (پیلَیس) میں دیکھا۔
نمائندوں کے مطابق، ایرانی حکام کا قافلہ کچھ دیر بعد اس محل سے روانہ ہو کر قریب ہی واقع ایک ہوٹل کی جانب چلا گیا۔ اسی دوران ایران کے سرکاری میڈیا نے تصدیق کی کہ وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے مسقط میں اپنے عمانی ہم منصب بدر البوسعیدی سے ملاقات کی۔ ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق، ایرانی وفد کے محل سے روانہ ہونے کے بعد ایک اور قافلہ وہاں داخل ہوا، جس کی ایک ایس یو وی پر امریکی پرچم لہرا رہا تھا۔
یہ قافلہ تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک محل میں موجود رہا اور بعد ازاں وہاں سے روانہ ہو گیا۔ عمان کی وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ بدر البوسعیدی نے پہلے عباس عراقچی اور اس کے بعد مغربی ایشیا کے لیے امریکہ کے خصوصی ایلچی اسٹیو وِٹکوف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
بیان کے مطابق، "بات چیت کا مرکزی مقصد سفارتی اور تکنیکی مذاکرات کو دوبارہ شروع کرنے کے لیے موزوں حالات پیدا کرنا تھا، کیونکہ دونوں فریق دیرپا سلامتی اور استحکام کے حصول کے لیے ان مذاکرات کی کامیابی کو یقینی بنانے کے عزم پر قائم ہیں۔" تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ آج مزید مذاکرات ہوں گے یا نہیں، تاہم عمانی حکام امریکی قافلے کے روانہ ہونے کے فوراً بعد محل سے نکل گئے۔
امریکہ اور ایران کے درمیان کئی مرحلوں پر مشتمل مذاکرات گزشتہ سال جون میں اس وقت ناکام ہو گئے تھے جب اسرائیل نے تہران پر حملہ کر دیا تھا۔ دونوں ممالک کے درمیان 12 روزہ جنگ کے دوران امریکہ نے بھی ایران کے جوہری مراکز پر بمباری کی تھی، جس سے یورینیم افزودگی میں استعمال ہونے والے متعدد سینٹری فیوج ممکنہ طور پر تباہ ہو گئے تھے۔
اس کے ساتھ ہی اسرائیلی حملوں میں ایران کے فضائی دفاعی نظام اور بیلسٹک میزائل ذخیرے کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔ ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق، جس محل میں امریکی اور ایرانی وفود کو داخل ہوتے دیکھا گیا، اسی مقام کو عمان نے 2025 میں ایران اور امریکہ کے درمیان ہونے والے سابقہ مذاکرات کے دوران بھی استعمال کیا تھا۔
امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو سمیت دیگر اعلیٰ امریکی رہنماؤں کا ماننا ہے کہ ایران میں مہنگائی اور کرنسی کی قدر میں کمی کے خلاف گزشتہ ماہ ہونے والے ملک گیر احتجاج کے بعد وہاں کا مذہبی نظامِ حکومت 1979 کے اسلامی انقلاب کے بعد اپنے سب سے کمزور دور میں ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ برسوں کی پراکسی جنگ، معاشی بحران اور اندرونی بدامنی کے سبب غیر مستحکم ایران کو ٹرمپ انتظامیہ ایک نئے جوہری معاہدے کے لیے آمادہ کر سکتی ہے۔
ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا (IRNA) کے مطابق، عباس عراقچی جمعرات کی رات کئی ایرانی سفیروں کے ہمراہ مسقط پہنچے تھے۔ عراقچی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، "ایران واضح نقطۂ نظر کے ساتھ اور گزشتہ سال کے واقعات کو ذہن میں رکھتے ہوئے سفارت کاری کا آغاز کر رہا ہے۔ وعدوں کا احترام کیا جانا چاہیے۔"
انہوں نے مزید لکھا، برابری، باہمی احترام اور مشترکہ مفادات محض کھوکھلے نعرے نہیں بلکہ یہ ناگزیر ہیں اور کسی بھی پائیدار معاہدے کے بنیادی ستون ہیں۔ مذاکرات سے قبل ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے قریبی مشیر علی شمخانی نے عباس عراقچی کی حمایت کا اظہار کیا۔
انہوں نے ایکس پر لکھا، عراقچی فیصلہ سازی اور عسکری و انٹیلی جنس معاملات میں اعلیٰ درجے کے ماہر، اسٹریٹجک اور قابلِ اعتماد مذاکرات کار ہیں۔ شمخانی نے کہا، مسلح افواج کے سپاہی اور سفارت کاری کے سالار، سپریم لیڈر کے احکامات کے مطابق قومی مفادات کے تحفظ کے لیے کام کریں گے۔