نئی دہلی، 1 ستمبر (پی ٹی آئی) امریکہ اور ہندوستان کی شراکت مسلسل نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے، امریکی سفارت خانے نے پیر کو ایک غیر متوقع سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا، ایسے وقت میں جب دونوں ممالک کے تعلقات گزشتہ دو دہائیوں میں شاید سب سے بدترین مرحلے سے گزر رہے ہیں، جس کی وجہ ٹرمپ انتظامیہ کی تجارتی اور ٹیرف پالیسی ہے۔یہ پوسٹ ایسے دن سامنے آئی جب چین کے شہر تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کی سربراہی کانفرنس میں وزیر اعظم نریندر مودی، چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پوتن کے درمیان نمایاں خوشگوار تعلقات دیکھنے کو ملے۔ وزیر اعظم مودی کی شی اور پوتن کے ساتھ گرمجوشانہ گفتگو کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہوئی۔
امریکی سفارت خانے نے پوسٹ میں کہا:امریکہ اور ہندوستان کے درمیان شراکت نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے ، یہ اکیسویں صدی کا ایک فیصلہ کن تعلق ہے۔ اس ماہ ہم ان لوگوں، ترقی اور امکانات کو اجاگر کر رہے ہیں جو ہمیں آگے بڑھا رہے ہیں۔
مزید کہا گیا کہ اختراع اور کاروبار سے لے کر دفاع اور دوطرفہ تعلقات تک، یہ ہماری دونوں قوموں کے درمیان پائیدار دوستی ہے جو اس سفر کو توانائی بخشتی ہے۔ ہیش ٹیگ کو فالو کریں اور#USIndiaFWDforOurPeople کا حصہ بنیں۔
اس پوسٹ کے ساتھ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کی تصویر اور ان کا پیغام بھی منسلک کیا گیا۔ روبیو نے کہا کہ ہماری دونوں قوموں کے درمیان پائیدار دوستی ہمارے تعاون کی بنیاد ہے اور ہمیں آگے بڑھاتی ہے جب ہم اپنے اقتصادی تعلقات کی شاندار صلاحیت کا ادراک کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ نئی دہلی اور واشنگٹن کے تعلقات اس وقت نیچے کی جانب جا رہے ہیں جب ٹرمپ نے بھارتی مصنوعات پر ٹیرف کو دگنا کرکے 50 فیصد کر دیا، اور روسی خام تیل کی بھارتی خریداری پر 25 فیصد اضافی محصولات عائد کیے۔امریکی سفارت خانے کی یہ پوسٹ بظاہر دونوں ممالک کے عوامی تعلقات کو اجاگر کرنے کی کوشش کا حصہ ہے۔