شمسی مصنوعات پر امریکہ نے 125.87 فیصدٹیکس لگایا

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 25-02-2026
شمسی مصنوعات پر امریکہ نے 125.87 فیصدٹیکس لگایا
شمسی مصنوعات پر امریکہ نے 125.87 فیصدٹیکس لگایا

 



واشنگٹن: امریکہ نے بعض بھارتی شمسی مصنوعات کی درآمد پر 125.87 فیصد ابتدائی تلافیاتی ڈیوٹی (کاؤنٹر ویلنگ ڈیوٹی) عائد کرنے کا اعلان کیا ہے، یہ الزام عائد کرتے ہوئے کہ بھارت اپنی صنعت کو غیر منصفانہ سبسڈی فراہم کر رہا ہے۔ امریکہ نے انڈونیشیا اور لاؤس سے درآمد کی جانے والی ’’کرسٹلائن سلیکان فوٹو وولٹک سیلز، چاہے وہ ماڈیول میں جوڑی گئی ہوں یا نہ ہوں‘‘ پر بھی مختلف شرحوں سے ڈیوٹی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

امریکی حکم نامے کے مطابق، ’’24 فروری 2026 کو امریکی محکمہ تجارت نے بھارت، انڈونیشیا اور لاؤ پیپلز ڈیموکریٹک ریپبلک (لاؤس) سے درآمد کی جانے والی کرسٹلائن سلیکان فوٹو وولٹک سیلز (سولر سیلز)، چاہے وہ ماڈیول میں نصب ہوں یا نہیں، کے سلسلے میں تلافیاتی ڈیوٹی کی تحقیقات کے ابتدائی نتائج کا اعلان کیا۔‘‘ یہ محصولات 24 فروری سے امریکی انتظامیہ کی جانب سے تمام ممالک پر عائد کردہ اضافی 10 فیصد ڈیوٹی کے علاوہ ہوں گے۔

حکم نامے کے مطابق، امریکہ میں بھارت سے شمسی مصنوعات کی درآمد 2022 میں 8 کروڑ 38 لاکھ 60 ہزار امریکی ڈالر سے بڑھ کر 2024 میں 79 کروڑ 26 لاکھ امریکی ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے، ’’اگر اسے موخر نہ کیا گیا تو ان تلافیاتی ڈیوٹی (سی وی ڈی) تحقیقات کے حتمی فیصلے 6 جولائی 2026 کو جاری کیے جائیں گے۔

محکمہ تجارت بھارت، انڈونیشیا اور لاؤس سے سولر سیلز کے سلسلے میں متوازی طور پر اینٹی ڈمپنگ ڈیوٹی کی تحقیقات بھی کر رہا ہے۔‘‘ تلافیاتی ڈیوٹی مقامی کمپنیوں کو سبسڈی یافتہ درآمدات میں اضافے سے تحفظ فراہم کرنے میں مدد دیتی ہے۔