ایلابیل (امریکہ): امریکہ میں امیگریشن حکام نے کہا ہے کہ انہوں نے جارجیا میں واقع ایک بڑے مینوفیکچرنگ پلانٹ پر چھاپہ مارا ہے، جہاں جنوبی کوریا کی آٹو کمپنی ہنڈائی برقی گاڑیاں تیار کرتی ہے۔
حکام کے مطابق، اس کارروائی کے دوران 475 افراد کو حراست میں لیا گیا، جن میں سے زیادہ تر جنوبی کوریا کے شہری ہیں۔ گھریلو سلامتی تحقیقات (Homeland Security Investigations) کے جارجیا میں سربراہ ایجنٹ اسٹیون شرینک نے جمعہ کو ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ اس چھاپے سے قبل اس جگہ پر غیر قانونی بھرتیوں کے الزامات کی کئی ماہ تک تفتیش کی گئی تھی۔
اس کارخانے میں ہنڈائی موٹر گروپ نے ایک سال قبل 7.6 ارب امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری سے برقی گاڑیوں کی تیاری شروع کی تھی۔ اس ہفتے عدالت میں دائر کیے گئے ریکارڈ سے پتہ چلتا ہے کہ استغاثہ کو یہ معلوم نہیں ہے کہ ’’سیکڑوں غیر قانونی غیر ملکیوں‘‘ کو کس نے ملازمت پر رکھا تھا۔
امریکی اٹارنی آفس نے جمعرات کو عدالت میں دائر ایک دستاویز میں لکھا: ’’غیر قانونی غیر ملکیوں کو ملازمت دینے والی اصل کمپنی یا ٹھیکیدار کی شناخت فی الحال نامعلوم ہے۔‘‘ دوسری جانب جنوبی کوریا کی حکومت نے اس پورے معاملے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے شہریوں کو نشانہ بنائے جانے پر اسے افسوس اور تشویش ہے۔