واشنگٹن/ آواز دی وائس
امریکہ کے توانائی کے وزیر کرس رائٹ نے بدھ (24 ستمبر 2025) کو ہندوستان کی بھرپور تعریف کی اور کہا کہ امریکہ نئی دہلی کے ساتھ توانائی کے تعاون کو مزید بڑھانے کے لیے پرجوش ہے۔
رائٹ نے زور دے کر کہا کہ امریکہ ہندوستان کو محصولات لگا کر سزا دینا نہیں چاہتا بلکہ امن چاہتا ہے۔ اور اسی عمل میں امریکہ کو امید ہے کہ ہندوستان روسی تیل کی خریداری بند کرے گا کیونکہ امریکہ کے پاس تیل فراہم کرنے کے کئی متبادل موجود ہیں۔
واشنگٹن، ہندوستان کے ساتھ توانائی تعاون بڑھانا چاہتا ہے
نیویارک فارن پریس سینٹر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران رائٹ نے دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے شعبوں پر روشنی ڈالی، جن میں قدرتی گیس، کوئلہ، ایٹمی توانائی، صاف ستھرا کھانا پکانے کا ایندھن اور مائع پٹرولیم گیس (ایل پی جی) شامل ہیں۔
رائٹ نے کہا کہ میں ہندوستان کا بہت بڑا مداح ہوں۔ ہم ہندوستان سے محبت کرتے ہیں۔ ہم ہندوستان کے ساتھ مزید توانائی تجارت، مزید بات چیت اور باہمی تعاون کی امید کرتے ہیں۔ انہوں نے ہندوستان کو کئی توانائی شعبوں میں ایک “ستارہ” قرار دیا۔
اپنے دفتر کے ابتدائی دنوں کو یاد کرتے ہوئے رائٹ نے کہا کہ میرے عہدہ سنبھالنے کے ابتدائی وقت کا بڑا حصہ ہندوستان سے جڑا رہا جو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت، امریکہ کا شاندار دوست اور تیزی سے ترقی کرتی معیشت والا ملک ہے۔ یہ درحقیقت ایک متحرک معاشرہ ہے جس کی توانائی کی مانگ تیزی سے بڑھ رہی ہے کیونکہ لوگ اپنی خوشحالی اور مواقع بڑھا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس تجربے نے انہیں کئی شعبوں میں ہندوستان کے ساتھ توانائی تجارت اور تعاون بڑھانے کے اپنے یقین کو مزید مضبوط کیا۔
امریکہ نے ہندوستان سے کہا کہ وہ ان کا تیل خریدے
نیویارک میں گفتگو کرتے ہوئے رائٹ، ہندوستان کے مرکزی وزیر تجارت پیوش گوئل کے اس بیان کا جواب دے رہے تھے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ نئی دہلی آنے والے برسوں میں کچھ توانائی مصنوعات پر واشنگٹن کے ساتھ اپنے تعاون کو وسعت دینے کی امید رکھتا ہے۔ اسی گفتگو میں رائٹ نے ہندوستان کو درپیش جغرافیائی و سیاسی چیلنجز، خاص طور پر یوکرین میں جاری جنگ کے حوالے سے بھی اعتراف کیا۔
ایک سوال کے جواب میں ہندوستان-روس تیل تجارت پر رائٹ نے کہا کی دنیا میں کئی تیل برآمد کنندگان ہیں۔ ہندوستان کو روس کا تیل خریدنے کی ضرورت نہیں ہے۔ ہندوستان روس کا تیل اس لیے خریدتا ہے کیونکہ یہ سستا ہے۔ کوئی بھی روس کا تیل خریدنا نہیں چاہتا، انہیں یہ رعایت پر بیچنا پڑتا ہے۔ ہندوستان نے سستا تیل خریدنے کے لیے یہ فیصلہ کیا لیکن دوسری طرف دیکھیں تو ہندوستان کے ایسا کرنے سے پیسہ ان لوگوں کے پاس جا رہا ہے جو ہر ہفتے ہزاروں لوگوں کو قتل کر رہے ہیں۔