واشگٹن: ٹیرف کے حوالے سے جاری کشیدگی کے درمیان، امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور چین کے صدر شی جن پنگ کے درمیان آئندہ ماہ ایک اہم ملاقات ممکن ہے۔ یہ ملاقات حال ہی میں تیانجن میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے اجلاس کے بعد متوقع ہے، جس کے باعث عالمی سطح پر اس ملاقات پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔
البتہ، اب تک وائٹ ہاؤس کی طرف سے اس ملاقات کے بارے میں کوئی باضابطہ معلومات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق، جنوبی کوریا میں ہونے والے APEC (ایشیاء پیسفک اکنامک کوآپریشن) سربراہی اجلاس کے دوران دونوں رہنماؤں کی ملاقات کا امکان ہے۔ APEC کو ایشیاء-پیسیفک خطے میں اقتصادی تعاون اور اسٹریٹجک پالیسیوں پر گفتگو کا ایک کلیدی پلیٹ فارم سمجھا جاتا ہے۔
اس بار APEC کی اہمیت اس لیے بھی بڑھ گئی ہے کیونکہ صدر ٹرمپ کے ٹیرف فیصلوں کے باعث اس کے رکن ممالک میں ناراضگی پائی جا رہی ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ کی چین مخالف پالیسیوں، خاص طور پر ٹیرف اور تجارتی پابندیوں، نے دونوں ممالک کے تعلقات کو شدید متاثر کیا ہے۔
حال ہی میں ٹرمپ نے چین پر الزام لگایا تھا کہ وہ روس اور شمالی کوریا کے ساتھ مل کر امریکہ کے خلاف سازش کر رہا ہے۔ ایسی صورتِ حال میں ٹرمپ اور شی جن پنگ کی ممکنہ ملاقات محض رسمی کارروائی نہیں، بلکہ دو طرفہ تعلقات میں ایک نیا رخ دینے والی پیش رفت ہو سکتی ہے۔ یہ ملاقات صدر ٹرمپ کے لیے اپنے ناقدین کو جواب دینے کا ایک موقع بھی ہو سکتی ہے۔
ریپبلکن پارٹی اور بین الاقوامی تجزیہ کاروں نے حالیہ دنوں میں چین کی جانب سے وزیر اعظم نریندر مودی، ولادیمیر پوتن اور کم جونگ اُن کی میزبانی پر سوالات اٹھائے تھے اور ٹرمپ کی خارجہ پالیسی پر تنقید کی تھی۔ اگر APEC اجلاس میں شی جن پنگ اور ٹرمپ کی گفتگو ہوتی ہے تو یہ امریکہ-چین تعلقات میں بہتری کا اشارہ ہو سکتا ہے۔
شی جن پنگ کے ساتھ ممکنہ ملاقات ایسے وقت پر ہو رہی ہے جب واشنگٹن اور بیجنگ کے درمیان ٹیرف پر کشیدگی اپنے عروج پر ہے۔ دونوں ممالک کے حکام ایک تجارتی معاہدے کے لیے کئی مذاکرات کر چکے ہیں، جن میں یورپ میں دونوں ملکوں کے اعلیٰ اقتصادی مشیروں کے درمیان دو براہ راست ملاقاتیں بھی شامل ہیں۔
اپریل میں، ٹرمپ نے چین سے درآمد کی جانے والی اشیاء پر 145 فیصد ٹیرف عائد کیا تھا، جس کے جواب میں چین نے بھی امریکی مصنوعات پر 125 فیصد ٹیرف لگا دیا تھا۔ یہ ٹیرف گزشتہ ماہ نافذ ہونے والے تھے، لیکن ٹرمپ نے ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کر کے ان پر نومبر تک کے لیے عارضی طور پر روک لگا دی۔
حال ہی میں چین میں منعقدہ شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے اجلاس میں وزیر اعظم نریندر مودی، ولادیمیر پوتن اور کم جونگ اُن کی موجودگی نے عالمی توجہ حاصل کی۔ چین کی اس اسٹریٹجک میزبانی کو ٹرمپ نے امریکہ کے خلاف "سازش" قرار دیا۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا، "ایسا لگتا ہے کہ ہم نے بھارت اور روس کو چین کے ہاتھوں کھو دیا ہے۔" اگرچہ بعد میں انہوں نے وزیر اعظم مودی کے ساتھ اپنے تعلقات کو مضبوط اور دوستانہ قرار دیتے ہوئے اپنی بات سے کچھ حد تک پیچھے ہٹنے کی کوشش کی، مگر یہ بات واضح ہے کہ بھارت، روس اور شمالی کوریا جیسے ممالک کا اس وقت امریکہ-چین تعلقات پر بالواسطہ اثر پڑ رہا ہے۔