واشنگٹن
امریکہ نے مغربی ایشیا کے اپنے اہم اتحادی ممالک، جن میں اسرائیل، قطر، کویت اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں، کو 8.6 ارب ڈالر سے زائد کی فوجی فروخت کی منظوری دے دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے جمعہ کے روز ان ہتھیاروں کی فروخت کا اعلان ایسے وقت میں کیا ہے جب ایران سے جاری تنازع کے باعث خطے میں کشیدگی بدستور برقرار ہے۔
یہ منظوری ایسے وقت میں دی گئی ہے جب امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ اپنے نویں ہفتے میں داخل ہو چکی ہے، جبکہ ایک نازک جنگ بندی کو نافذ ہوئے تین ہفتوں سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے۔
ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعہ کو (مقامی وقت کے مطابق) کہا کہ جو لوگ یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ امریکہ ایران کے خلاف جنگ میں کامیاب نہیں ہو رہا، وہ "غداری" کے مرتکب ہو رہے ہیں، حالانکہ ٹرمپ انتظامیہ پہلے کانگریس کو یہ بتا چکی ہے کہ دشمنی کا خاتمہ ہو چکا ہے۔فلوریڈا میں دی ولیجز کے مقام پر خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے اپنے سیاسی مخالفین کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں انتہا پسند بائیں بازو کے لوگ کہتے ہیں کہ ہم جیت نہیں رہے۔ ان کے پاس اب کوئی فوج باقی نہیں رہی۔ یہ ناقابلِ یقین ہے۔ سچ پوچھیں تو میں سمجھتا ہوں کہ یہ غداری ہے۔ٹرمپ نے جنوری میں وینزویلا میں امریکی فوجی کارروائی کا بھی حوالہ دیا، جسے انہوں نے "تاریخ کی عظیم ترین فوجی کارروائیوں میں سے ایک" قرار دیا، اور اس کا موازنہ ایران کے ساتھ جاری تنازع سے کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایران میں بھی تقریباً اتنا ہی اچھا کر رہے ہیں، لیکن میں اس وقت تک زیادہ بات کرنا پسند نہیں کرتا جب تک کام مکمل نہ ہو جائے۔ٹرمپ کے مطابق ایران کے جوہری پروگرام کو روکنے کے لیے فوجی کارروائی ضروری تھی تاکہ خلیجی خطے، بشمول اسرائیل، کو ممکنہ خطرے سے بچایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں ایران جیسے خوبصورت ملک کی طرف ایک سفر کرنا پڑا تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ وہ ایٹمی ہتھیار حاصل نہ کر سکے۔ ہم نے انہیں بی-2 بمبار طیاروں کے ذریعے روکا۔ اگر ہم ایسا نہ کرتے تو وہ ایٹمی ہتھیار حاصل کر لیتے، اور اسرائیل، مشرق وسطیٰ اور یورپ تباہ ہو جاتے۔ٹرمپ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ایران کی فوجی صلاحیت کو شدید نقصان پہنچا ہے اور اس کی قیادت کمزور ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران تباہ ہو رہا ہے۔ ان کے پاس نہ بحریہ ہے، نہ فضائیہ، نہ فضائی دفاعی نظام، نہ ریڈار، اور نہ ہی قیادت باقی رہی ہے۔ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات توقعات کے مطابق آگے نہیں بڑھ رہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ اس قسم کے معاہدے پر تیار نہیں ہو رہے جو ہمیں چاہیے، لیکن ہم اس مسئلے کو درست طریقے سے حل کریں گے۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ امریکہ اس تنازع کو قبل از وقت ختم نہیں کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم جلدی نہیں جائیں گے اور تین سال بعد دوبارہ اسی مسئلے کا سامنا نہیں کریں گے۔