امریکہ نے ایران کے 10 بڑے رہنماؤں کی معلومات دینے پر ایک کروڑ ڈالر انعام کا اعلان کردیا۔

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 14-03-2026
امریکہ نے ایران کے 10 بڑے رہنماؤں کی معلومات دینے پر ایک کروڑ ڈالر انعام کا اعلان کردیا۔
امریکہ نے ایران کے 10 بڑے رہنماؤں کی معلومات دینے پر ایک کروڑ ڈالر انعام کا اعلان کردیا۔

 



واشنگٹن: امریکی محکمۂ خارجہ نے جمعہ کے روز اعلان کیا ہے کہ ایران کے نئے رہبر اعلیٰ مجتبیٰ خامنہ ای اور دیگر اعلیٰ حکام کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر ایک کروڑ ڈالر یعنی 10 ملین ڈالر تک انعام دیا جائے گا۔

محکمۂ خارجہ کی جاری کردہ فہرست میں جن 10 افراد کے نام شامل ہیں ان میں ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی اور وزیر انٹیلی جنس و سکیورٹی اسماعیل خطیب بھی شامل ہیں۔

امریکی حکام کے مطابق یہ افراد ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے مختلف شعبوں کی قیادت اور نگرانی کرتے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ تنظیم دنیا کے مختلف حصوں میں دہشت گردانہ سرگرمیوں کی منصوبہ بندی تنظیم اور عمل درآمد میں ملوث رہی ہے۔

محکمۂ خارجہ نے معلومات فراہم کرنے کے خواہشمند افراد کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی معلومات ٹور یا سگنل جیسی محفوظ ایپس کے ذریعے ارسال کریں۔

امریکی حکام نے یہ بھی کہا کہ معلومات فراہم کرنے والے افراد کو نہ صرف مالی انعام دیا جا سکتا ہے بلکہ ضرورت پڑنے پر انہیں بیرون ملک منتقل کرنے میں بھی مدد فراہم کی جا سکتی ہے۔

امریکی محکمۂ خارجہ کے مطابق ریوارڈز فار جسٹس پروگرام ایسے افراد کی گرفتاری یا ان کے خلاف قانونی کارروائی میں مدد دینے والی معلومات پر نقد انعام فراہم کرتا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ مجتبیٰ خامنہ ای کے والد اور سابق ایرانی رہبر اعلیٰ علی خامنہ ای 28 فروری کو ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی جنگ کے آغاز پر ہونے والی بمباری میں مارے گئے تھے۔