بلاؤایو: بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان کشیدہ دوطرفہ تعلقات کا اثر کرکٹ کے میدان پر بھی نظر آیا کیونکہ ہفتے کے روز یہاں آئی سی سی انڈر-19 ورلڈ کپ کے گروپ اے میچ سے قبل دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے روایت کے مطابق ایک دوسرے سے ہاتھ نہیں ملایا۔ بارش کی وجہ سے میچ دیر سے شروع ہوا اور بھارت کے کپتان آیوش مہاترے اور بنگلہ دیش کے نائب کپتان جواد ابرار ٹاس کے لیے آئے۔ لیکن سکے کے اچھالنے سے پہلے یا بعد میں دونوں نے ہاتھ نہیں ملایا۔
فی الحال دونوں ٹیموں نے اس واقعے کے بارے میں کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا ہے۔ یاد رہے کہ پچھلے سال ایشیا کپ سے بھارت اور پاکستان کے درمیان ہاتھ نہ ملانے کی پالیسی جاری ہے، جو پہلگام ہلاکتوں کے بعد شروع ہوئی تھی۔ حال ہی میں بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان سیاسی اور کرکٹ تعلقات کافی خراب ہو گئے ہیں۔
حالیہ دنوں میں پڑوسی ملک میں اقلیتیوں پر مبینہ ظلم و ستم کے خلاف بھارت کے مختلف حصوں میں بنگلہ دیش مخالف کئی ریلیاں منعقد کی گئی ہیں۔ کرکٹ تعلقات اس وقت مزید خراب ہوئے جب بی سی سی آئی نے حال ہی میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز سے بنگلہ دیش کے فاسٹ باؤلر مستفیض الرحمٰن کا آئی پی ایل معاہدہ ختم کرنے کو کہا۔
اس کے بعد بنگلہ دیش نے آئی سی سی سے کھلاڑیوں، اہلکاروں اور شائقین کے لیے ممکنہ حفاظتی خطرات کا حوالہ دیتے ہوئے آئندہ ٹی20 ورلڈ کپ میچوں کو کولکتہ اور ممبئی سے دوسری جگہ منتقل کرنے کی درخواست کی ہے۔ اس سلسلے میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے درمیان فی الحال بات چیت جاری ہے۔