غزہ۔ اسرائیلی جنگی جرائم کے بڑھتے ہوئے شواہد،اقوام متحدہ

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 08-09-2025
غزہ۔ اسرائیلی جنگی جرائم کے بڑھتے ہوئے شواہد،اقوام متحدہ
غزہ۔ اسرائیلی جنگی جرائم کے بڑھتے ہوئے شواہد،اقوام متحدہ

 



جنیوا: اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ نے پیر کے روز اسرائیل پر غزہ میں سنگین خلاف ورزیوں کے ارتکاب کا الزام لگاتے ہوئے خبردار کیا کہ بڑھتے ہوئے شواہد اسرائیل کو بین الاقوامی عدالتِ انصاف میں جوابدہ بنا سکتے ہیں۔
ولکر ٹرک نے جنیوا میں اقوامِ متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 60ویں اجلاس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ’’نسل کشی پر مبنی بیان بازی کے کھلے عام استعمال اور اسرائیلی اعلیٰ حکام کی جانب سے فلسطینیوں کو انسانیت سے گری ہوئی گالیوں کے ذریعے ذلیل کرنے‘‘ پر خوفزدہ ہیں۔ انہوں نے غزہ کو ’’پہلے ہی ایک قبرستان‘‘ قرار دیا۔
ٹرک نے اسرائیل کے اقدامات کو سخت الفاظ میں تنقید کا نشانہ بنایا جنہیں انہوں نے ’’فلسطینی شہریوں کے اجتماعی قتلِ عام، انسانی امداد میں رکاوٹ ڈالنے اور جنگی جرائم کے ارتکاب‘‘ کے مترادف قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سب کچھ ’’دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑ رہا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ’’جنگ کے قوانین کو چاک کیا جا رہا ہے اور اس پر عملاً کوئی جوابدہی نہیں ہو رہی۔
اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ نے کہا کہ غزہ کی صورتحال دراصل بین الاقوامی قانون کے زوال کی عکاسی کرتی ہے، جہاں ’’تشدد کی تمجید اس رجحان کے ساتھ جُڑ گئی ہے جو دنیا بھر میں ہمارے بنیادی حقوق کو کمزور کر رہا ہے۔ انہوں نے خونریزی روکنے کے لیے فیصلہ کن عالمی اقدامات پر زور دیا اور کہا کہ بڑھتے ہوئے مظالم کے شواہد فوری احتساب کے متقاضی ہیں۔ٹرک نے سوڈان کے بحران پر بھی روشنی ڈالی اور سوڈانی عوام کی مشکلات کو ’’ناقابلِ فہم‘‘ قرار دیا۔ انہوں نے مزید مظالم کو روکنے کے لیے فوری اور فیصلہ کن اقدامات کی اپیل کی۔