اقوامِ متحدہ: اقوامِ متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتیرس نے بعض ممالک کی جانب سے بین الاقوامی قانون کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی سخت مذمت کرتے ہوئے زور دے کر کہا ہے کہ اقوامِ متحدہ کا چارٹر کوئی ایسا ’’مینو‘‘ (فہرستِ طعام) نہیں ہے جس میں سے اپنی سہولت کے مطابق اصول منتخب کر لیے جائیں۔
گوتیرس نے کہا کہ جب رہنما اپنی مرضی سے یہ طے کرتے ہیں کہ کن اصولوں پر عمل کرنا ہے اور کن کو نظر انداز کرنا ہے تو وہ عالمی نظام کو کمزور کرتے ہیں اور ایک نہایت خطرناک مثال قائم کرتے ہیں۔ اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی حیثیت سے اپنے عہدے کے آخری سال میں داخل ہونے والے گوتیرس نے جمعرات کو 193 رکنی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ 2026 کے ہر دن کو بامقصد بنائیں گے اور ایک بہتر دنیا کے لیے کام کرنے، جدوجہد کرنے اور کوششیں جاری رکھنے کے لیے پوری طرح پرعزم اور ثابت قدم ہیں۔
وینزویلا میں حالیہ امریکی فوجی کارروائی، 2022 میں روس کی جانب سے یوکرین پر حملے اور دیگر جغرافیائی و سیاسی چیلنجز کے پس منظر میں گوتیرس نے کہا کہ دنیا تنازعات، عدم مساوات اور غیر یقینی صورتحال سے بھری ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’ایک ایسی دنیا جو خودکُش جغرافیائی و سیاسی تقسیموں، بین الاقوامی قانون کی دھڑلّے سے خلاف ورزیوں، اور ترقی و انسانی امداد میں بڑے پیمانے پر کٹوتیوں سے دوچار ہے۔
یہ قوتیں اور دیگر عوامل عالمی تعاون کی بنیادوں کو ہلا رہے ہیں اور کثیرالجہتی نظام کی لچک اور برداشت کی صلاحیت کا امتحان لے رہے ہیں۔‘‘ سال کی اپنی ترجیحات پر اقوامِ متحدہ میں روایتی خطاب کے دوران گوتیرس نے کہا، ’’یہی ہمارے دور کا تضاد ہے: جس وقت ہمیں بین الاقوامی تعاون کی سب سے زیادہ ضرورت ہے، اسی وقت ہم اسے بروئے کار لانے اور اس میں سرمایہ کاری کرنے کے لیے سب سے کم آمادہ نظر آتے ہیں۔
کچھ لوگ بین الاقوامی تعاون کو ختم کرنے کے دہانے پر لے جانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم ہار نہیں مانیں گے۔‘‘ اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے طور پر گوتیرس کی دوسری پانچ سالہ مدت 31 دسمبر 2026 کو ختم ہو جائے گی۔ گوتیرس نے امریکہ اور وینزویلا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور وینزویلا کے رہنما نکولس مادورو کو گرفتار کیے جانے کے معاملے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعات ایک ’’خطرناک مثال‘‘ ہیں۔
انہوں نے اس بات پر بھی تشویش ظاہر کی کہ بین الاقوامی قانون کے اصولوں کا احترام نہیں کیا گیا۔ یوکرین پر روس کے حملے کے خلاف مسلسل آواز اٹھانے والے گوتیرس نے جنرل اسمبلی سے کہا کہ یوکرین میں جنگ روکنے اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر، بین الاقوامی قانون اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق منصفانہ اور پائیدار امن کے حصول کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی جانی چاہیے۔
انہوں نے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر پر عمل نہ کرنے پر ممالک کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ چارٹر ایک ’’معاہدہ‘‘ ہے جو ’’ہم سب کو پابند کرتا ہے‘‘۔ گوتیرس نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کا چارٹر کوئی ’آ لا کارتے مینو‘ (ایسا مینو جس میں اپنی پسند کے کھانے چنے جاتے ہیں) نہیں بلکہ پری فکس مینو ہے، یعنی ایسا مینو جس میں طے شدہ پکوان شامل ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا، ہمیں اقوامِ متحدہ کے چارٹر پر مکمل اور دیانت داری کے ساتھ عمل کرنا ہوگا۔ اس میں کوئی اگر مگر نہیں۔ انہوں نے کہا، یہ چارٹر بین الاقوامی تعلقات کی بنیاد ہے — امن، پائیدار ترقی اور انسانی حقوق کی اساس ہے۔ گوتیرس نے کہا، جب رہنما بین الاقوامی قانون کی دھجیاں اڑاتے ہیں، جب وہ اپنی مرضی سے اصولوں پر عمل کرتے ہیں، تو وہ نہ صرف عالمی نظام کو کمزور کرتے ہیں بلکہ ایک خطرناک مثال بھی قائم کرتے ہیں۔
انہوں نے تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی قانون کا زوال خفیہ طور پر نہیں ہو رہا بلکہ دنیا کی آنکھوں کے سامنے، ہماری اسکرینوں پر ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر جگہ لوگ بے سزا رہ جانے کے نتائج دیکھ رہے ہیں طاقت کا غیر قانونی استعمال اور اس کی دھمکی، عام شہریوں، انسانی امدادی کارکنوں اور اقوامِ متحدہ کے عملے پر حملے، حکومتوں میں غیر آئینی تبدیلیاں، انسانی حقوق کی پامالی، اختلافِ رائے کی آوازوں کو دبانا، وسائل کی لوٹ مار۔
گوتیرس نے کہا، جب چند لوگ عالمی بیانیے کو موڑ سکتے ہیں، انتخابات کو متاثر کر سکتے ہیں یا عوامی بحث کی شرائط طے کر سکتے ہیں، تو ہم محض عدم مساوات کا سامنا نہیں کر رہے ہوتے بلکہ اداروں اور ہمارے مشترکہ اقدار کے زوال کا بھی سامنا کر رہے ہوتے ہیں۔