روس نے یوکرین میں ادویات کی سپلائی پر لگائی روک

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 13-08-2022
روس نے یوکرین میں ادویات کی سپلائی پر لگائی روک
روس نے یوکرین میں ادویات کی سپلائی پر لگائی روک

 


کیف:یوکرین کے وزیر صحت نے روسی حکام پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ یوکرین کے جنگ زدہ علاقوں میں سستی ادویات کی رسائی روک کر انسانیت کے خلاف جرم کا ارتکاب کر رہا ہے۔

 یوکرین کے وزیر صحت وکٹر لیاشکو کے حوالے سے خبر دی ہے کہ یوکرین نے ان علاقوں میں ادویات کی رسائی روکی جا رہی ہے جہاں روسی افواج کا قبضہ ہے۔

 ذرائع کے مطابق یوکرین کے وزیر صحت وکٹر لیاشکو نے کہا  ہے کہ روسی حکام نے مقبوضہ شہروں، قصبوں اور دیہاتوں میں لوگوں کو سرکاری امدادی ادویات فراہم کرنے  کے عمل کو بار بار روکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’پورے چھ ماہ کی جنگ کے دوران، روس نے انسانی راہداریوں کی اجازت نہیں دی کہ ہم ان مریضوں تک اپنی ادویات پہنچا سکیں جنہیں ان کی ضرورت ہے۔

وزیر صحت نے مزید کہا کہ ’ہمیں یقین ہے کہ یہ کارروائیاں روس کی جانب سے جان بوجھ کر  کی جا رہی ہیں اور ہم ان کو انسانیت کے خلاف جرائم اور جنگی جرائم سمجھتے ہیں جن کا ریکارڈ مرتب کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ یوکرین کی حکومت کی جانب سے ایک پروگرام کے تحت کینسر اور دائمی امراض میں مبتلا لوگوں کو ادویات فراہم کی جاتی ہیں۔

اقوام متحدہ اور یوکرینی حکام کے مطابق اسپتالوں اور انفرااسٹرکچر کی تباہی کی وجہ سے ملک کے اندر ایک اندازے کے مطابق 70 لاکھ افراد کے نقل مکانی کرنے وجہ سے علاج معالجے میں مشکلات پیدا ہوئی ہیں۔

رواں برس فروری سے یوکرین میں جاری جنگ نے صحت عامہ کے سرکاری نظام کو بھی شدید متاثر کیا ہے۔

عالمی ادارہ صحت(ڈبلیو ایچ او) نے کہا کہ اس نے11 اگست تک ہسپتالوں اور صحت کی دیگر سہولیات پر 445 حملے ریکارڈ کیے جن کے نتیجے میں 86 افراد ہلاک اور 105 زخمی ہوئے۔

لیکن یوکرین کے وزیر صحت وکٹر لیاشکو نے کہا کہ اس جنگ کے ثانوی اثرات کہیں زیادہ شدید ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ’یوکرینی افواج کے زیر کنٹرول علاقوں میں سڑکیں اور پل تباہ ہو گئے ہیں۔ ان حالات میں ایسے کسی بھی شہری کو اسپتال پہنچانا مشکل ہے جسے دل کا دورہ پڑا ہو یا اس پر فالج نے حملہ کیا ہو۔

بعض اوقات ہم مریض یا متاثرہ شخص تک بروقت نہیں پہنچ پاتے۔ یہی وجہ ہے کہ جنگ بہت زیادہ ہلاکتوں کا سبب بنی ہے۔