یوکرین : انجلینا جولی کا دورہ، جنگ سےمتاثرہ بچوں سے ملاقات

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 01-05-2022
یوکرین : انجلینا جولی کا دورہ، جنگ سےمتاثرہ بچوں سے ملاقات
یوکرین : انجلینا جولی کا دورہ، جنگ سےمتاثرہ بچوں سے ملاقات

 

 

کیف: یوکرین اور روس کی جنگ اب شیطان کی آنت بن گئی ہے۔ طول پکڑتی جنگ نے دنیا کو پریشان کر رکھا ہے۔ اس جنگ میں ایک بار پھر خواتین اور بچے بڑی قیمت چکا رہے ہیں ۔ اب ہالی وڈ کی معروف اداکارہ انجلینا جولی نے یوکرین کے شہر لیویو میں روسی حملے کی وجہ سے بے گھر ہونے والے لوگوں سے ملاقات کی ہے۔

دراصل  46 سالہ انجلینا جولی نے ہفتے کو ایک ریلوے اسٹیشن پر یوکرینی شہریوں سے ملاقات کی، تاہم فضائی حملوں کے سائرن بجنے کے بعد انہیں وہاں سے جانا پڑا۔

انجلینا جولی اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی کی خصوصی سفیر ہیں جس کے مطابق روسی حملے کے بعد سے گذشتہ دو ماہ کے دوران ایک کروڑ 27 لاکھ سے زیادہ لوگ اپنے گھر بار چھوڑ چکے ہیں جو یوکرین کی جنگ سے پہلے ملک کی آبادی کا تقریباً 30 فیصد ہے۔ اسٹیشن کے دورے کے دوران انجلینا جولی نے بے گھر افراد کے ساتھ کام کرنے والے رضاکاروں سے ملاقات کی جنہوں نے انہیں بتایا کہ ڈیوٹی پر موجود ہر ایک ماہر نفسیات ایک دن میں تقریباً 15 لوگوں سے بات کرتے ہیں۔ رضاکاروں کے مطابق اس سٹیشن پر موجود افراد میں زیادہ تعداد دو سے 10 سال کی عمر کے بچوں کی ہے۔

جولی نے کہا: ’وہ صدمے میں ہوں گے۔۔۔ میں جانتی ہوں کہ صدمے سے بچوں پر کیا اثر پڑتا ہے۔ مجھے معلوم ہے کہ کسی کو بتانا کہ وہ کتنی اہمیت رکھتے ہیں، ان کی آواز کتنی اہمیت رکھتی ہے۔ میں جانتی ہوں کہ ایسا کرنا ان کے زخم بھر سکتا ہے۔‘

اسٹیشن کے دورے کے دوران ایک موقع پر جولی نے سرخ لباس میں ملبوس ایک چھوٹی سی بچی کو گدگدی کی جو خوشی سے ہنس پڑی۔ انہوں نے رضاکاروں اور کچھ بچوں کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔ بعد میں فضائی حملے کے سائرن بجنے لگے تو جولی اپنے ساتھیوں کے ساتھ اسٹیشن سے باہر نکل کر گاڑی میں سوار ہو گئیں۔ 

علاقے کے گورنر میکسم کوزیتسکی نے بتایا کہ کراماتورک ریلوے اسٹیشن پر موجود بچے اپریل کے شروع میں میزائل حملے کے باعث زخمی ہوئے تھے۔ مشرقی یوکرین کے شہر میں ہونے والے حملے میں جان بوجھ کر زیادہ تر خواتین اور بچوں کے ایک ایسے گروپ کو نشانہ بنایا گیا جو روسی حملے سے بھاگنے کی کوشش کر رہے تھے۔

اس حملے میں کم از کم 52 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے تھے۔ گورنر کوزیتسکی نے ٹیلی گرام پر لکھا: وہ (جولی) بچوں کی کہانیوں سے بہت متاثر ہوئیں۔ ایک چھوٹی بچی نے جولی کو نجی طور پر اپنے ایک خواب کے بارے میں بتایا۔‘ انہوں نے کہا کہ جولی نے ایک بورڈنگ سکول کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے طلبہ سے بات کی اور ان کے ساتھ تصاویر کھنچوائیں اور دوبارہ یہاں کا دورہ کرنے کا وعدہ کیا۔

ایک شہری مایا پدھورودٹسکا نے فیس بک پر ایک ویڈیو بھی شیئر کی جس میں انجلینا جولی کو ایک کافی شاپ میں دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو کے ساتھ انہوں نے لکھا: ’کچھ خاص نہیں۔ بس لیویو۔ میں کافی لینے گئی۔ اور بس انجلینا جولی۔‘ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ انجلینا مداحوں کو دیکھ کر مسکرا رہی ہیں اور ایک مداح کو آٹوگراف بھی دیا۔

اقوام متحدہ کی سفیر کے طور پر انجلینا جولی کئی جنگ سے متاثرہ علاقوں میں گئی ہوئی ہیں۔ گذشتہ ماہ عالمی ادارے کی خصوصی ایلچی کے طور پر جولی نے یمن کا دورہ بھی کیا تھا جہاں لاکھوں لوگ جنگ کی وجہ سے بے گھر ہو چکے ہیں۔ 2011 میں انہوں نے عراقی شہر موصل کا دورہ کیا جسے ایک سال پہلے ہی داعش سے آزاد کروایا گیا تھا۔