برطانیہ:نوزائیدہ بچوں کی ڈیجیٹل شناخت پر نئی بحث

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 02-01-2026
برطانیہ:نوزائیدہ بچوں کی ڈیجیٹل شناخت پر نئی بحث
برطانیہ:نوزائیدہ بچوں کی ڈیجیٹل شناخت پر نئی بحث

 



لندن:برطانیہ میں غیر قانونی امیگریشن کے نظام سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے حکومت ایک بڑے اور اہم منصوبے پر غور کر رہی ہے، جس کے تحت بچوں کو پیدائش کے وقت ڈیجیٹل شناخت (ڈیجیٹل آئی ڈی) فراہم کی جا سکتی ہے۔ اس تجویز نے مستقبل قریب میں عملی شکل اختیار کرنے کی بازگشت کے بعد ایک نئی بحث کو جنم دیا ہے۔

برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق وزراء نے نجی گفتگو میں عندیہ دیا ہے کہ بچوں کو پیدائش کے فوراً بعد والدین کو دی جانے والی صحت سے متعلق ریڈ بک کے ساتھ جدید ڈیجیٹل شناخت بھی فراہم کی جائے گی۔ یہ اقدام وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر کی جانب سے اعلان کردہ ڈیجیٹل آئی ڈی اسکیم کی سمت ایک بڑی پیش رفت تصور کیا جا رہا ہے۔

متوقع طور پر اس ڈیجیٹل شناختی نظام کو ملازمت کے حصول، برطانیہ میں کام کرنے کے قانونی حق کی تصدیق، اور غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام جیسے اہم امور سے جوڑا جائے گا۔ حکومت کا ماننا ہے کہ اس سے نہ صرف امیگریشن نظام زیادہ شفاف ہوگا بلکہ انتظامی نگرانی بھی مؤثر بنائی جا سکے گی۔

واضح رہے کہ دنیا کے کئی ممالک میں پہلے ہی بچوں کو پیدائش کے وقت تاحیات ڈیجیٹل شناخت فراہم کی جاتی ہے، جسے مختلف سرکاری اور قانونی امور میں استعمال کیا جاتا ہے۔ برطانیہ میں غیر قانونی آمد و رفت کو روکنے کے لیے حکومت اس وقت متعدد منصوبوں پر کام کر رہی ہے، اور ڈیجیٹل شناخت کا یہ منصوبہ انہی کوششوں کا ایک اہم حصہ سمجھا جا رہا ہے۔