متحدہ عرب امارات- تنور فیسٹیول مختلف ثقافتوں اور ورثے کے درمیان فاصلے کم کرنے کی ایک خوبصورت کوشش

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 02-12-2025
متحدہ عرب امارات- تنور فیسٹیول  مختلف ثقافتوں اور ورثے کے درمیان فاصلے کم کرنے کی ایک خوبصورت کوشش
متحدہ عرب امارات- تنور فیسٹیول مختلف ثقافتوں اور ورثے کے درمیان فاصلے کم کرنے کی ایک خوبصورت کوشش

 



نئی دہلی/ شارجہ

،متحدہ عرب امارات میں منعقد ہونے والا تنویَر فیسٹیول 2025 اپنے دوسرے ایڈیشن کے ساتھ اس پیغام پر ختم ہوا کہ انسان کو ایک بار پھر اُن چیزوں سے جڑنے کی ضرورت ہے جو زندگی میں واقعی اہم ہیں۔ فیسٹیول کی بانی اور وژنری شیخہ بدور القاسمی نے اختتامی تقریب میں یہی احساس سامنے رکھا۔اس سال کا موضوع "جو آپ تلاش کر رہے ہیں، وہ آپ کو تلاش کر رہا ہے" رکھا گیا تھا، اور منتظمین کے مطابق اس کا مقصد موسیقی، فن اور مختلف تجربات کے ذریعے ثقافتوں اور روایات کو قریب لانا تھا۔ملیحہ میں شرکا سے خطاب کرتے ہوئے شیخہ بدور نے کہا کہ یہ تین دن تو اب ختم ہو رہے ہیں، مگر جو ہم نے یہاں مل کر بُنا ہے، وہ آپ کے اندر برقرار رہے گا۔ آپ کے فیصلوں میں، آپ کے چلنے کے انداز میں، آپ کی دنیا کے ساتھ برتاؤ میں۔

فیسٹیول میں 23 ملکوں کے 183 فنکار شریک ہوئے۔ چار بڑے اسٹیجوں پر 28 پرفارمنسز پیش کی گئیں، اور یہ سب کچھ یونیسکو میں درج فایا پیلیولینڈ اسکیپ کے پس منظر میں ہوا، جو ہر لمحے کو اور بھی خاص بنا رہا تھا۔ثقافتی و روحانی سرگرمیوں کے لیے معروف سید سلمان چشتی، چیئرمین چشتی فاؤنڈیشن، نے اس تقریب میں شرکت کی۔ انہوں نے ایک پوسٹ میں لکھا کہ یہ تجربہ ایسا تھا "جیسے روشنی روح کو چھو لیتی ہے

 تنویر فیسٹیول کی اختتامی شب واقعی جادوئی ماحول میں ڈھلی ہوئی تھی۔ رات کا سب سے یادگار لمحہ تیونس نژاد امریکی گلوکارہ اور نغمہ نگار ایمل مَثلوتھی کی دل موہ لینے والی پرفارمنس تھی۔ اُن کی طاقتور آواز اور منفرد کمپوزیشن نے حاضرین کو جیسے صحرا کی خاموش وسعتوں میں کھو جانے پر مجبور کر دیا۔ اس تجربے کو مزید متاثرکن بنانے کے لیے میراز گروپ بھی اسٹیج پر اُن کے ساتھ شامل ہوا، اور دونوں نے مل کر ایسا روح پرور فِنالے پیش کیا کہ سامعین دیر تک سحر میں ڈوبے رہے۔ایمل کی پرفارمنس صرف موسیقی نہیں تھی، یہ ایک مکمل احساس تھا۔ اُنہوں نے جَبَل فَیّا کے اردگرد کے صحرا کو بھی اپنے فن کا حصہ بنا لیا، یوں لگتا تھا جیسے ہوا، ریت اور آواز ایک ہی دھڑکن پر چل رہے ہوں۔

اختتام پر شیخہ بدور نے بے حد اثر انگیز انداز میں کہا کہ تنویر کا ہر پہلو ایک ہی مقصد کے لیے تھا: ہمیں دوبارہ اس بات سے جوڑنے کے لیے کہ اصل اہمیت کس چیز کی ہے، اپنے مقصد کے ساتھ مکمل یکجہتی کی۔انہوں نے مزید کہا کہ جیسے ہی ہم یہاں سے رخصت ہوتے ہیں، میں چاہتی ہوں کہ ہم یہ تحفہ اپنے ساتھ لے جائیں، اپنی دنیا، اپنے خطّے، اپنی کمیونٹیز تک۔ اپنے عمل، اپنی محبت اور اپنے طرزِ زندگی کے ذریعے ہم دنیا کے لیے ایک دعا بنیں: امن کی، اتحاد کی، امید کی دعا۔”تنور فیسٹیول کا آخری دن اسی دعا کی روشنی میں ختم ہوا، ثقافتوں کو جوڑتے ہوئے، دلوں کو قریب لاتے ہوئے، اور یہ یاد دلاتے ہوئے کہ فن اور روایت جب ملتے ہیں تو انسان ایک دوسرے کو بہتر سمجھنے لگتا ہے۔

اسی رات مرکزی اسٹیج پر ایک اور دلکش پیشکش میں سہراب پورناظری، جو تنبور، کمانچہ اور ستار کے ماہر فنکار ہیں، ایرانی گلوکارہ سحر بروجردی کے ساتھ جلوہ گر ہوئے۔ اس پرفارمنس کا آغاز عالمی شہرت یافتہ شمس انسیمبل کے بانی کیکَسرو پورناظری کی خصوصی شرکت سے ہوا، جس نے محفل کا وقار مزید بڑھادیافیسٹیول کے آخری دن کا ماحول رنگوں، روایتوں اور تخلیقی سرگرمیوں سے بھرا ہوا تھا۔ شارجہ ہیریٹیج بینڈ نے نوّبان اور الاحال کے روایتی رقص و موسیقی سے شائقین کو مقامی ورثے کی خوبصورتی سے روشناس کرایا، جبکہ مختلف ورکشاپس، جس میں فوٹو آرٹ اور خطاطی کی ورکشاپ بھی شامل تھی، نے شرکاء کو فن کے مختلف زاویوں سے قریب کر دیا۔

میلے کے دوران حاجی سید سلمان چشتی نے  شیخہ بدور بنت سلطان بن محمد القاسمی سے نہایت خوشگوار اور بصیرت افروز ملاقات کی۔ ان کی دور اندیش قیادت شارجہ کی ثقافتی اور فنی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ اس گفتگو میں تنویر فیسٹیول اور ہندوستان کی صدیوں پر محیط لوک صوفی روایت بھکتی اور صوفی موسیقی اور مقدس فنون کے میدان میں مستقبل کے اشتراک پر بات ہوئی۔

حاجی سید سلمان چشتی نے عالیہ حضرت اور شارجہ کے شاہی خاندان کو بارہویں صدی کی مقدس درگاہ اجمیر شریف کی زیارت کی دعوت دی۔ یہ وہ تاریخی مقام ہے جو ہندوستان کی روحانی روایت کا مرکز ہے اور امن تکثیریت اور انسانی اخوت کی درخشاں علامت ہے۔

میلے میں روحانی فنون اور پیشکشوں کا شاندار امتزاج بھی دیکھنے میں آیا۔ سب سے یادگار لمحہ آسکر ایوارڈ یافتہ موسیقار اے آر رحمان اور ان کے گروپ کی پیش کردہ دل کو چھو لینے والی صوفی نعت خوانی تھی۔ اسی موقع پر ان کی صاحبزادی ختیجہ رحمان کی قیادت میں روح نور نامی نئے روحانی گروپ کا آغاز ہوا جو مراقبہ اور مقدس صوتیات کے فروغ کے لیے وقف ہے۔

اس صوفی بھکتی تجربے میں خواجہ میرے خواجہ امیر خسرو کے برج بھاشا کلام اور دیگر نعتیہ اور مناجاتی پیشکشیں شامل تھیں۔ پس منظر میں گھومتے درویشوں کی روحانی تصویریں اور اجمیر شریف کی مقدس جھلکیاں پہاڑی پردے پر جلوہ گر ہوئیں۔ یہ ایک ایسا فنی لمحہ تھا جس نے دنیا بھر سے آئے ہوئے شرکا کو گہرے تاثرات سے ہمکنار کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے حاجی سید سلمان چشتی نے کہا کہ تنویر محض ایک میلہ نہیں بلکہ ایک ایسا مقدس مقام ہے جہاں ثقافتیں ملتی ہیں دل جڑتے ہیں اور نور کا آفاقی پیغام بانٹا جاتا ہے۔ متحدہ عرب امارات اور ہندوستان کے درمیان یہ روحانی اور فنی مکالمہ عالمی ہم آہنگی کی نئی راہیں کھولنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔