دبئی: ہینلے اینڈ پارٹنرز نے رواں سال کی پہلی ششماہی کے لیے ہینلے پاسپورٹ انڈیکس جاری کر دیا ہے، جسے دنیا بھر میں پاسپورٹس کی طاقت جانچنے کا سب سے معتبر پیمانہ سمجھا جاتا ہے۔ اس تازہ فہرست میں مختلف ممالک کے پاسپورٹس کو ویزا فری یا ویزا آن ارائیول رسائی کی بنیاد پر درجہ بندی دی گئی ہے۔
نئی رینکنگ کے مطابق متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کا پاسپورٹ پانچویں نمبر پر آ گیا ہے، جس کے حامل افراد دنیا کے 184 ممالک اور خطوں میں بغیر ویزا یا ویزا آن ارائیول سفر کر سکتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق اماراتی پاسپورٹ کی درجہ بندی میں یہ غیر معمولی بہتری حکومت کی مؤثر اور طویل المدتی سفارتی حکمتِ عملی کا نتیجہ ہے، جس کے تحت متعدد ممالک کے ساتھ ویزا فری معاہدے کیے گئے۔
اس پیش رفت نے اماراتی شہریوں کے لیے عالمی سطح پر سفری سہولتوں کو نمایاں طور پر بڑھا دیا ہے۔ ہینلے انڈیکس کے مطابق سنگاپور کا پاسپورٹ ایک بار پھر دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ قرار پایا ہے، جس پر 192 ممالک میں ویزا فری رسائی حاصل ہے۔ دوسرے نمبر پر جاپان اور جنوبی کوریا ہیں، جن کے شہری 188 ممالک میں بغیر ویزا سفر کر سکتے ہیں۔ تیسرے نمبر پر ڈنمارک، لکسمبرگ، اسپین اور سوئٹزرلینڈ ہیں، جنہیں 186 ممالک میں ویزا فری رسائی حاصل ہے۔
چوتھے نمبر پر آسٹریا، بیلجیم، فن لینڈ، فرانس، جرمنی، یونان، آئرلینڈ، اٹلی، نیدرلینڈز اور ناروے شامل ہیں، جن کے پاسپورٹس پر 185 ممالک میں ویزا کے بغیر سفر ممکن ہے۔ پانچویں نمبر پر ہنگری، سلوواکیہ، سلووینیا اور متحدہ عرب امارات ہیں، جنہیں 184 ممالک میں ویزا فری رسائی حاصل ہے۔ فہرست کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ 98ویں نمبر پر موجود ہے، جس کے حامل افراد کو صرف 31 ممالک میں ویزا فری یا ویزا آن ارائیول داخلے کی سہولت حاصل ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ کسی بھی ملک کے پاسپورٹ کی طاقت کا براہِ راست تعلق اس کی سفارتی ساکھ، عالمی تعلقات اور سیاسی و معاشی استحکام سے ہوتا ہے۔ ہینلے پاسپورٹ انڈیکس ہر سال دنیا بھر کے پاسپورٹس کی درجہ بندی کرتا ہے۔ یہ درجہ بندی اس بنیاد پر کی جاتی ہے کہ کسی ملک کے پاسپورٹ پر کتنے ممالک میں بغیر ویزا یا ویزا آن ارائیول سفر ممکن ہے۔ جتنا زیادہ ویزا فری رسائی کا دائرہ ہو، پاسپورٹ اتنا ہی مضبوط سمجھا جاتا ہے۔ عالمی سطح پر حکومتیں اس انڈیکس کو اپنی سفارتی پالیسیوں اور بین الاقوامی تعلقات کی کامیابی یا ناکامی جانچنے کے ایک اہم اشاریے کے طور پر دیکھتی ہیں۔