یواے ای: اسرائیلی صدر کے دورہ،حوثیوں کا حملہ ناکام

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 31-01-2022
یواے ای: اسرائیلی صدر کے دورہ،حوثیوں کا حملہ ناکام
یواے ای: اسرائیلی صدر کے دورہ،حوثیوں کا حملہ ناکام

 

 

دبئی : متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے ایک ایسے وقت میں یمنی میں سرگرم حوثیوں کی جانب سے داغے گئے بیلسٹک میزائل مار گرانے کا اعلان کیا ہے، جب وہ اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ کی پہلی بار میزبانی کر رہا ہے۔ اماراتی وزارت دفاع نے کہا کہ میزائل کو گرنے سے پہلے ہی تباہ کر دیا گیا اور اس کی باقیات ایک غیر آباد علاقے میں گریں۔

یو اے ای کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وام پر چھپنے والے بیان میں کہا گیا کہ جوابی کارروائی میں اماراتی فضائیہ اور اتحادی فوج نے یمن میں الجوف صوبے میں اس مقام کو تباہ کر دیا جہاں سے میزائل لانچ کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ اماراتی وزارت دفاع ’کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے‘ اور ’متحدہ عرب امارات کو کسی بھی حملے سے بچانے کے لیے تمام ضروری اقدامات لینے کو تیار ہے۔

‘ وام کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کہا کہ حملے کی کوشش کے باوجود پروازیں معمول کے مطابق چل رہی ہیں۔ پیر کا یہ حملہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے، جب اگست 2020 میں اسرائیل اور یو اے ای کے درمیان سفارتی تعلقات قائم ہونے کے بعد اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ ہفتے سے ملک کے سرکاری دورے پر ہیں۔ انہوں نے ابو ظہبی میں اماراتی ولی عہد شہزادہ شیخ محمد بن زاید آل نہیان سے ملاقات میں سکیورٹی اور دوطرفہ تعلقات پر بات چیت کی۔

ایک اسرائیلی عہدیدار نے روئٹرز کو بتایا کہ صدر ہرزوگ نے رات ابو ظہبی میں گزاری۔ عرب نیوز کے مطابق ان کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وہ حوثی حملے کے باوجود متحدہ عرب امارات کا دورہ جاری رکھیں گے اور پیر کو دبئی ایکسپو 2020 کا دورہ کریں گے۔ یو اے ای سعودی سربراہی میں اس فوجی اتحاد کا حصہ ہے، جو یمن میں ایران نواز باغی حوثیوں کے خلاف یمنی حکومت کی مدد کر رہا ہے، جس کی وجہ سے اب یہ بھی نشانہ بن رہا ہے۔ 17 جنوری کو حوثیوں نے ابو ظہبی میں ایک تیل کے ذخیرے کی تنصیب پر حملہ کیا تھا، جس میں ایک پاکستانی سمیت تین افراد مارے گئے تھے۔ اس کے بعد 24 جنوری کو بھی حوثیوں کی جانب سے یو اے ای کی جانب دو میزائل داغے گئے جنہیں ہوا میں ہی تباہ کر دیا گیا۔